الیکشن ٹریبونل ،متحدہ کے 2 ارکان قومی اسمبلی کیخلاف درخواستیں خارج

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 6 دسمبر 2013
عدنان احمد ،عرفان مروت،حکیم بلوچ کیخلاف درخواستوں کی سماعت ملتوی ہوگئی

عدنان احمد ،عرفان مروت،حکیم بلوچ کیخلاف درخواستوں کی سماعت ملتوی ہوگئی

کراچی: الیکشن ٹریبونل کراچی نے متحدہ قومی موومنٹ کے 2 ارکان قومی اسمبلی کے خلاف دھاندلی کی درخواستیں ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کردی جبکہ باقی4 درخواستیں آئندہ سماعت تک ملتوی کردیں۔

جمعرات کو الیکشن ٹریبونل کراچی میں 6 انتخابی عذرداریوں کی سماعت ہوئی این اے 252 سے متحدہ کے منتخب رکن قومی اسمبلی عبدالرشیدگوڈیل کی کامیابی کیخلاف تحریک انصاف کے سید علی حیدر زیدی کی درخواست الیکشن ٹریبونل نے 54 دن کی سماعت کے بعد ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کردی، این اے257 سے منتخب متحدہ کے رکن قومی اسمبلی ساجد احمد کی کامیابی کے خلاف جماعت اسلامی کے توفیق الدین صدیقی کی درخواست بھی54 دن کی سماعت کے بعد الیکشن ٹریبونل نے ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی، این اے 252 کے حوالے سے جماعت اسلامی کے محمد حسین محنتی کی درخواست کی سماعت 7دسمبر تک کے لیے ملتوی کردی ہے۔

سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 118سے متحدہ کے عدنان احمد کی کامیابی کے خلاف جماعت اسلامی کے سید قطب احمد کی درخواست کی سماعت ہوئی ٹریبونل نے مزید جرح کے لیے سماعت 26 دسمبر تک ملتوی کردی، سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 114سے مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی عرفان اللہ مروت کی کامیابی کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ کے عبدالرؤف صدیقی کی درخواست کی سماعت پر نادرا رپورٹ پر جرح ہوئی مزید سماعت 9 دسمبرتک ملتوی کردی گئی،این اے 258 سے ن لیگ کے کامیاب رکن عبدالحکیم بلوچ کی کامیابی کیخلاف پی پی کے عبدالرزاق راجہ کی دائر درخواست کی سماعت ہوئی اور نادرا رپورٹ پر جرح کے بعد درخواست آئندہ سماعت تک ملتوی کردی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔