آغاعلی اور حنا الطاف جمعۃ الوداع کے دن نکاح کے بندھن میں بندھ گئے

ویب ڈیسک  ہفتہ 23 مئ 2020
دونوں نے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کی خبر آج اپنے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی ، فوٹوسوشل میڈیا

دونوں نے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کی خبر آج اپنے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی ، فوٹوسوشل میڈیا

کراچی: ڈراما سیریل ’’دل گمشدہ‘‘ کی مقبول جوڑی اداکار آغا علی اور اداکارہ حنا الطاف حقیقی زندگی میں ایک دوسرے کے جیون ساتھی بن گئے۔

آغا علی اورحنا الطاف جمعۃ الوداع کے روز قریبی دوستوں اور رشتے داروں کی موجودگی میں نہایت خاموشی سے نکاح کے بندھن میں بندھ گئے۔ دونوں نے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کی خبر آج اپنے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی اور اپنے چاہنے والوں کو یہ بھی بتایا کہ ان کا رشتہ نفرت سے دوستی اور دوستی سے محبت میں کیسے تبدیل ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: آغا علی کا حنا الطاف کے ساتھ تعلقات کی خبروں پر ردعمل

آغاعلی نے اپنی اور حنا کی  نکاح کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے لکھا چند سال قبل میں نے اور حنا نے ایک ساتھ ایک ٹی وی شو کی میزبانی کی تھی اور اس وقت ہم دونوں کو ایک دوسرے سے نفرت ہوگئی تھی۔ بعد ازاں ہم چند سال بعد ایک بار پھر ملے اور اس وقت ہماری دوستی ہوگئی اور پھر ہم ایک دوسرے کے سب سے اچھے دوست بن گئے اور گزشتہ گیارہ ماہ میں ہم نے ایک ساتھ فلمیں دیکھیں، نہ ختم ہونے والی باتیں کیں اور پھر حنا میری زندگی کا حصہ بن گئی۔

آغا علی نے اپنی پوسٹ میں حنا الطاف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تمہارے ساتھ گزارا گیا ایک ایک سیکنڈ مجھے بہت پیارا ہے اور جب لاک ڈاؤن ہوا میں نے تمہیں ایسے یاد کیا جیسے میری زندگی کا کوئی حصہ گم ہوگیا ہو اور اس وقت مجھے احساس ہوا کہ میں تمہارے ساتھ اپنی پوری زندگی گزارنا چاہتا ہوں۔

الحمداللہ 22 مئی 2020  جمعۃالوداع کے دن چند قریبی عزیزوں کی موجودگی میں ہم نکاح کے بندھن میں بندھ گئے۔ آغا علی نے آخر میں اپنے تمام چاہنے والوں سے ان دونوں کو دعاؤں میں یاد رکھنے کی درخواست کی اور لکھا کہ وہ حنا سے بے محبت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ حنا الطاف سے قبل آغاعلی اور اداکارہ سارہ خان کئی سال تک ایک دوسرے کے قریبی دوست رہے ہیں یہاں تک کہ میڈیا پر دونوں کی شادی کی خبریں بھی گردش کرنے لگی تھیں لیکن پھر اچانک دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی اور اس خبر سے دونوں کے مداح کافی مایوس ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔