انٹرنیشنل کرکٹ کیلیے انگلینڈ کی بے تابی بڑھ گئی

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 24 مئ 2020
10تاریخ کو چارٹرطیارے سے لندن آمد،’بائیوسیکیور‘ ایجس باؤل میں قیام
 فوٹو: فائل

10تاریخ کو چارٹرطیارے سے لندن آمد،’بائیوسیکیور‘ ایجس باؤل میں قیام فوٹو: فائل

کراچی: انٹرنیشنل  کرکٹ کیلیے انگلینڈ کی بے تابی بڑھ گئی، مقابلوں کا مجوزہ شیڈول تیار کرلیا، ویسٹ انڈین کرکٹرز اور اسٹاف  کا کورونا وائرس ٹیسٹ 6 جون کو ہوگا،مہمان ٹیم 10 تاریخ کو چارٹرطیارے پر لندن پہنچنے کے بعد ’بائیوسیکیور‘ ایجس باؤل میں ڈیرے ڈالے گی، حتمی تاریخوں اور وینیوز کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز اور پاکستان سے ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے تیاریاں زوروشور سے جاری رکھی ہوئی ہیں، اگرچہ دونوں ممالک کی جانب سے ٹورز کی باضابطہ طور پر تصدیق نہیں ہوئی تاہم مجوزہ شیڈول کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ پہلے ویسٹ انڈین ٹیم کوآنا ہے، اس مقصد کیلیے پلیئرز اور معاون اسٹاف کا 6 جون کو کورونا وائرس ٹیسٹ ہوگا۔

تمام نتائج منفی ہونے کی صورت میں پلیئرز 10تاریخ کو اپنے جزائر سے چارٹر فلائٹس کے ذریعے اینٹیگا پہنچیں گے اور پھر انھیں  اتک اور چارٹر طیارے پر وہاں سے لندن لایا جائے گا۔ ورلڈ کپ کے موقع پرکیرییبیئن ٹیم نے ایجس باؤل میں ڈیرے ڈالے تھے اوراب بھی اسی بائیوسیکیور وینیو کا ہی انتخاب کیا جائے گا،مہمان سائیڈ وہاں پہلے ٹیسٹ سے قبل 4 ہفتوں تک رہائش اختیار کرے گی اورپریکٹس بھی کرے گی۔ ادھر  انگلش پلیئرز 24 جون کو اولڈ ٹریفورڈ میں یکجا ہوں گے، اسی وینیو پر ہی دوسرا اور تیسرا ٹیسٹ کھیلا جائے گا۔

دونوں اسکواڈز کو پہلے میچ سے قبل تک الگ الگ رکھا جائے گا، اس دوران باقاعدگی سے کورونا وائرس ٹیسٹ بھی ہوتے  رہیں گے۔ دونوں ٹیمیوں  کے انٹراسکواڈ وارم اپ میچز بالترتیب اولڈ ٹریفورڈ اور ایجس باؤل میں ہی ہوں گے، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹیسٹ 8 جولائی سے شیڈول ہے۔ گراؤنڈ کو پلیئرز اور اسٹاف کیلیے 2 انرزونز میں تقسیم کیا جائے گا،آؤٹر زون براڈکاسٹرز، میڈیا اور آپریشنل اسٹاف کیلیے مختص ہوگا۔  پاکستان کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ آمد 8 جولائی کو متوقع ہے، میزبان اور گرین کیپس میں پہلا ٹیسٹ ممکنہ طور پر5 اگست، دوسرا 13 اور تیسرا 21 تاریخ کو شروع ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔