پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ، نیشنل بینک کیخلاف یو بی ایل 129 پر ڈھیر

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 6 دسمبر 2013
واپڈا نے اسٹیٹ بینک کو172 پر رخصت کردیا، اظہر عطاری نے 5پلیئرزکو آئوٹ کیا،قائد اعظم ٹرافی میں پشاور کیخلاف کراچی بلوز مشکلات کا شکار۔فوٹو:فائل

واپڈا نے اسٹیٹ بینک کو172 پر رخصت کردیا، اظہر عطاری نے 5پلیئرزکو آئوٹ کیا،قائد اعظم ٹرافی میں پشاور کیخلاف کراچی بلوز مشکلات کا شکار۔فوٹو:فائل

لاہور: پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں یو بی ایل کی ٹیم 129 رنز پر ڈھیر ہو گئی، نیشنل بینک کے عطا اللہ 4 اور احمد جمال 3 وکٹیں لے اڑے۔

واپڈا کے خلاف اسٹیٹ بینک کی اننگز172 پر سمٹ گئی، اظہر عطاری نے 5کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ زرعی بینک نے پورٹ قاسم کے مقابل 230 رنز بنائے، محمد طلحہٰ نے 6پلیئرز کو پویلین بھیجا۔ سوئی ناردرن گیس نے پی ٹی وی کے خلاف 5 وکٹ پر 230 رنز بنا لیے۔کے آر ایل نے پی آئی اے کے خلاف 2 وکٹ پر 192رنز اسکور بورڈ پر سجائے۔قائد اعظم ٹرافی میں پشاور کے 213 کے جواب میں کراچی بلوز4 وکٹیں 46 پر گنواکر مشکلات کا شکار نظر آئی،کراچی وائٹس نے حیدر آباد کے مقابل 5 وکٹ پر 256 رنز بنائے،لاہور شالیمار نے عمر صدیق اور آغا سلمان کی سنچریوں کی بدولت کوئٹہ کیخلاف 5 وکٹ پر 340 کا مجموعہ ترتیب دیا۔ لاہور راوی کے مقابل راولپنڈی نے 9 وکٹ پر 309 بنا لیے، بہاولپور نے ایبٹ آباد کے خلاف 3 وکٹ پر 233 رنز اسکور کیے، اسلام آباد کی ٹیم فیصل آباد سے میچ میں 194 تک محدود رہی۔

تفصیلات کے مطابق پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں مرحلے کے پہلے روز یونائٹیڈ بینک کی ٹیم صرف 129 پر ڈھیر ہو گئی، محمد ارشاد نے 11 ویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 36 رنز بنائے، کوئی اور بیٹسمین مزاحمت نہ کر سکا، عطا اللہ 4،احمد جمال 3، حماد اعظم 2وکٹیں لے اڑے۔ جواب میں نیشنل بینک نے 2 وکٹ پر 100 رنز بنا لیے، اسٹیٹ بینک کی اننگز بھی 172سے آگے نہ بڑھ پائی، اظہر عطاری نے 5 اور محمد حسیب نے 4 شکار کیے، واپڈا نے جواب میں بغیر کسی نقصان کے 35 رنز بنا لیے۔

سوئی ناردرن گیس ٹیم نے توفیق عمر کے 63 رنز کی بدولت 5 وکٹ پر 203 رنز اسکور کیے،پی ٹی وی کے باسم مرتضیٰ نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ زرعی بینک کی اننگز کا 230 پر اختتام ہوا، لقمان بٹ 65 رنزکے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے،محمد طلحہ نے 6 وکٹیں لیں، پورٹ قاسم نے 2 وکٹ پر 78 رنز بنا لیے۔ کے آر ایل نے سعید انور جونیئر کے ناقابل شکست 77 رنز سے تقویت پاتے ہوئے 2 وکٹ پر 191 رنز جوڑ لیے، بڑے اسکور کا راستہ روکنے کیلئے پی آئی اے کے بولرز کو سخت محنت کرنا پڑے گی۔ قائد اعظم ٹرافی میں  پشاور ریجن کی ٹیم213رنز تک محدود رہی، اعظم خان نے 69 رنز بنائے، زوہیب شیرا نے 5 اور راجیش رمیش نے 3پلیئرز کو پویلین بھیجا۔ جواب میں کراچی بلوز نے64 پر 4 وکٹیں گنوا دیں۔

حیدر آباد کے خلاف کراچی وائٹس نے5 وکٹ پر 256 رنز بنائے، حمزہ گانچی نے 74 اور آصف ذاکر نے ناقابل شکست 70 رنز بنائے۔لاہور شالیمار نے 5 وکٹ پر 340 کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجا دیا، آغا سلمان نے 141 رنز بنائے، عمر صدیقی 143 پر ناقابل شکست ہیں،گوہر فیاض نے 3 وکٹیں حاصل کیں، لاہور راوی کے خلاف راولپنڈی کا اسکور 9 وکٹ پر 309 رہا، اویس ضیا83 اور مزمل نظام 60 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، بلاول اقبال 4 اور تنزیل الطاف 3 شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔ بہاولپور نے ایبٹ آباد کے بولرز کا امتحان لیتے ہوئے 3 وکٹ پر 235 رنز بنا لیے، فیصل مبشر 91 اور ریحان رفیق 90 پر ناقابل شکست ہیں۔ اسلام آبادکی  ٹیم علی سرفراز کے 79 رنز کے باوجود 194 سے آگے نہ بڑھ پائی، سلمان علی 4، فہیم اشرف 3 اور نصیر اکرم 2 وکٹیں لے اڑے۔ فیصل آباد نے بغیر کسی نقصان کے 19 رنز بنا لیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔