ملک بھر میں کورونا کے 55 ہزار 447 مصدقہ مریض، 1146 جاں بحق

ویب ڈیسک  اتوار 24 مئ 2020
کورونا کے 17 ہزار 198 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں فوٹو: فائل

کورونا کے 17 ہزار 198 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کی وبا کا شکار افراد کی تعداد 55 ہزار 447 تک جاپہنچی جب کہ 1146 لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 12 ہزار 915 کورونا ٹیسٹس ہوئے جب کہ 2 ہزار 164 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 55 ہزار 447 ہوگئی۔

اب تک سندھ میں 22 ہزار 491، پنجاب میں 19 ہزار 557، خیبر پختونخوا میں 7 ہزار 685، بلوچستان میں 3 ہزار 306، اسلام آباد میں ایک ہزار 592، آزاد کشمیر میں 221 اور گلگت بلتستان میں 619 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 35 سے زائد مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔ جس کے بعد ملک میں اس وبا سے جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد ایک ہزار 146 ہوگئی جب کہ 17 ہزار 198 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

امیر مقام بھی کورونا کا شکار

مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر امیر مقام نے اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جس کے بعد انہوں نے اسلام آباد میں واقع اپنی رہائش گاہ میں خود کو قرنطینہ کر دیا ہے۔ عوام، پارٹی کارکن اور دوست احباب سے اپیل ہے کہ ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کریں۔

پمز میں 33 افراد جاں بحق

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال پمز میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 33 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔