کراچی حادثہ؛ طیارہ بنانے والی کمپنی کی تحقیقاتی ٹیم آج کراچی پہنچے گی

ویب ڈیسک  اتوار 24 مئ 2020
فرانسیسی ٹیم انجن کا معائنہ کرے گی اور پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کو ٹیکنکل معاونت فراہم کرے گی،ذرائع.  تصویر (فوٹو: اے ایف پی)

فرانسیسی ٹیم انجن کا معائنہ کرے گی اور پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کو ٹیکنکل معاونت فراہم کرے گی،ذرائع. تصویر (فوٹو: اے ایف پی)

کراچی: کراچی طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لیے ایئربس کمپنی کی خصوصی ٹیم فرانس سے آج کراچی پہنچے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات میں معاونت کے لیے ایئربس کمپنی کی خصوصی ٹیم آج فرانس سے کراچی پہنچے گی، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ائربس کی خصوصی ٹیم کو تحقیقات اور تکنیکی معاونت کے سلسلے میں پاکستان آمد کے لیے خصوصی طیارے کو کراچی میں لینڈ کرنے کا اجازت نامہ جاری کردیا ہے۔

جاری کردہ اجازت نامے کے مطابق ایئربس ٹیم کو پاکستان آمد پر کورونا وائرس کے حوالے سے لازمی قرنطینہ کی شرط سے استثنٰی حاصل ہوگا تاہم طیارے کے عملے کو کراچی ایئرپورٹ پر اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

گیارہ رکنی فرانسیسی ماہرین کی ٹیم میں ٹارس یان، ایڈریان وائڈل، لائرینٹ وائڈل، فلورینٹ لاوٹ، نکولس ہولوٹ، پیری مونٹنر، فلورینٹ لاوٹ، نکولس ہولوٹ، پیری مونٹنر، جرمی ماریون، ونسنٹ بیلارڈ، برونو ڈیمارٹ اور سائمنٹ ڈیکاس شامل ہیں۔

ایئر بس ٹیم طیارہ حادثہ کی تحقیقات پر مامور ٹیم کی ٹیکنیکل معاونت کے علاوہ جہاز کے انجن کا معائنہ اور  تباہ شدہ جہاز کے ملبے سے شواہد بھی اکٹھا کرے گی، طیارہ ساز کمپنی ائربس کی ٹیم تحقیقات کے لیے درکار مواد اور شواہد کے ساتھ 26 مئی کو واپس فرانس روانہ ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔