بھارتی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور ممتازاولپمیئن بلبیرسنگھ انتقال کرگئے

اسپورٹس رپورٹر  پير 25 مئ 2020

 کراچی: ہاکی کے عظیم کھلاڑی، تین مرتبہ کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور بھارت کے سابق  کپتان بلبیرسنگھ سینیئر 96 سال  کی عمرمیں انتقال کرگئے۔

بلبیرسنگھ اپنے دور کے بہترین سینٹرفارورڈ تصور کیے جاتے تھے۔ وہ  لندن اولمپکس1948، ہیلنسکی اولمپکس1952 اور ملبورن اولمپکس1956 کے ٹائیٹل جیتنے والی بھارتی ہاکی ٹیم کا  حصہ تھا۔ بلبیرسنگھ نےہیلنسکی اولمپکس 1952 کے فائنل میں ہالینڈ کے خلاف ریکارڈ 5 گول کیے تھے۔ بھارت نے یہ مقابلہ 1-6 سے جیت لیا تھا۔

بھارتی اولمپئن نے میلبورن اولمپکس 1956 کے فائنل میں ہاتھ کی ہڈی ٹوٹنے کے باوجود پاکستان کے خلاف گول کیا۔ انہیں اپنے پہلے اولمپک میچ میں ارجنٹائن  کے خلاف ریکارڈ 6 گول  داغنے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔وہ بھارتی ہاکی ٹیم کے کوچ اور منیجر بھی رہے۔

دریں اثنا پاکستان کے سابق  کپتان اور فلائنگ ہارس کے نام  سے معروف اولمپئین سمیع اللہ خان  نے بلبیر سنگھ کی ہاکی کے لیے گراں قدر خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے، سمیع اللہ خان کا کہنا ہے کہ بلبیر سنگھ میں بلاکی چابک دستی اور گیند پربہترین کنٹرول حاصل تھا، ان جیسے کھلاڑی مدتوں بعد پیدا ہوتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔