نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے ٹیلی وژن پر لائیو انٹرویو کے دوران زلزلے کے جھٹکے

ویب ڈیسک  منگل 26 مئ 2020
انٹرویو کے دوران کے زلزلے کے جھٹکوں سے در و دیوار ہلنے لگیں، فوٹو : ویڈیو گریب

انٹرویو کے دوران کے زلزلے کے جھٹکوں سے در و دیوار ہلنے لگیں، فوٹو : ویڈیو گریب

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا انٹرویو براہ راست ٹیلی وژن پر نشر کیا جا رہا تھا کہ اس دوران اچانک زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے تاہم جسینڈا آرڈن نے مضبوط اعصاب والی خاتون کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے جذبات کو قابو میں رکھا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈن ویلنگٹن میں پارلیمنٹ بلڈنگ میں ویڈیو کال پر انٹرویو دے رہی تھیں کہ اچانک 5.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکوں سے در و دیوار ہلنے لگے جو ویڈیو میں واضح نظر بھی آرہا تھا۔

کیوی وزیراعظم اس دوران مطمئن نظر آئیں، چھت کی جانب دیکھا اور مسکراتے ہوئے کہا کہ ابھی ابھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے، ہم سب یہاں ٹھیک ہیں اور میں کسی جھولتی لائٹ کے نیچے نہیں بلکہ میں محفوظ مقام پر ہوں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کی ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین جسینڈا آرڈن کی ہمت اور مضبوط اعصاب پر داد دیے بنا نہ رہ سکے۔ کیوی وزیراعظم جسینڈا آرڈن کے کرائسٹ چرچ کی مساجد پر حملے میں 50 نمازیوں کی شہادت پر حکومتی اقدامات پر دنیا بھر شہرت پائی تھی۔

کورونا وائرس وبا کے دوران بھی ان کی حکومت کی کارکردگی بہترین رہی اور چین کے بعد نیوزی لینڈ پہلا ملک بنا جس نے کورونا وائرس کو مکمل طور پر شکست دی۔ اسی طرح گزشتہ برس انہوں نے 60 سیکنڈ کی ویڈیو میں حکومتی اقدامات کے طویل سلسلے کو کوزے میں بند کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔