بھارت میں لیکچر کے دوران پاکستان کا مثبت حوالہ دینے والی ٹیچر معطل

ویب ڈیسک  منگل 26 مئ 2020
خاتون ٹیچر نے ’ آئی ول جوائن پاکستان آرمی‘  کا جملہ بطور مثال استعمال کیا تھا, فوٹو : بی بی سی

خاتون ٹیچر نے ’ آئی ول جوائن پاکستان آرمی‘ کا جملہ بطور مثال استعمال کیا تھا, فوٹو : بی بی سی

گورکھ پور: بھارتی ریاست اتر پردیش میں انگریزی کی ٹیچر کو آن لائن گرامر پڑھاتے ہوئے اسم کی تعریف کے ضمن میں دی گئی مثال میں پاکستان کا حوالہ دینے پر معطل کر دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گورکھ پور کے علاقے میں واقع اسکول جی این نیشنل کی استانی شاداب خانم نے لاک ڈاؤن کے دوران آن لائن تعلیم دیتے ہوئے Noun یعنی اسم کی مثالیں طلبا کو واٹس ایپ پر بھیجیں جس میں مثالیں درج ذیل دی گئی تھیں۔

Pakistan is our dear homeland
I will join pakistan army
Rashid Minhas is a brave soldier

والدین نے بچوں کے سبق میں یہ مثالیں دیکھیں تو پولیس کو مطلع کیا،  پولیس نے تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے ٹیچر اور طلبا سے پوچھ گچھ کی جس کے دوران استانی شاداب خانم نے موقف اختیار کیا کہ یہ مثالیں غلطی سے بھیجیں جس پر معافی مانگتی ہوں۔

اسکول کے منتظم پرتاپ سنگھ نے بی بی سی کو بتایا کہ استانی غیر معقول حرکت کی مرتکب ہوئی ہیں، انہوں نے گوگل پر سرچ کرکے بغیر دیکھے مثالیں طلبا کو بھیج دیں۔ چار رکنی اسکول کی کمیٹی ان کا موقف لے کر رپورٹ پیش کرے گی تب تک شاداب خانم معطل رہیں گی۔

خاتون ٹیچر شاداب خانم نے بی بی سی کو بتایا کہ میں نے طلبا کو واضح ہدایت کی تھی کہ پاکستان کی جگہ ملک کا نام بھارت لکھیں لیکن والدین نے میری اس ہدایت کو نظر انداز کرتے ہوئے صرف مثالوں پر ہنگامہ برپا کردیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔