وزیراعظم طالبان سے مذاکرات کے لئے جرگے کو کردار دینے پر تیار

شاہد حمید  جمعـء 6 دسمبر 2013

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

پشاور: وزیراعظم نوازشریف نے طالبان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے قبائلی جرگے کو کردار سونپنے کی حامی بھرلی ہے۔

قبائلی جرگے کو تیار رہنے کیلیے کہاگیا ہے تاہم مذکورہ جرگہ مرکزی حکومت کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد ہی اپنا کام شروع کرے گا۔ پشاور میں قبائلی جرگے کے انعقادکے بعدجرگے کے سرپرست اعلیٰ مولانا فضل الرحمٰن نے وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ ملاقات میں انھیں جرگے کے انعقاد اوراس میں تیار کی گئی سفارشات سے آگاہ کیا تھا جس پر وزیراعظم نے اس بارے میں رضا مندی ظاہر کردی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے مولانا فضل الرحمٰن سے کہا گیا کہ قبائلی جرگہ تیار رہے،حکومت اپنی پالیسی وضع کرتے ہوئے قبائلی جرگے کوقیام امن کے سلسلے میںمذاکراتی ٹاسک سونپ سکتی ہے۔اس سلسلے میں جب جے یوآئی (ف)کے ترجمان جان اچکزئی سے رابطہ کیاگیا تو انھوں نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں انھیں بتایا تھاکہ قبائلی جرگہ فعال ہوگیا ہے وزیراعظم نے جرگے کے حوالے سے مثبت ردعمل کااظہار کیا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔