دورۂ انگلینڈ ہمیشہ سے مشکل رہا ہے لیکن ٹیم بہتر پرفارم کرے گی، سرفراز

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 28 مئ 2020
دورۂ انگلینڈ ہمیشہ سے مشکل رہا ہے،ٹیم بہتر پرفارم کرے گی،سرفراز
فوٹو : پی پی آئی

دورۂ انگلینڈ ہمیشہ سے مشکل رہا ہے،ٹیم بہتر پرفارم کرے گی،سرفراز فوٹو : پی پی آئی

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق  کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ دورۂ انگلینڈ ہمیشہ سے مشکل رہا ہے،وہاں کی کنڈیشنز قدرے مختلف ہوتی ہیں، ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ انگلش سرزمین پر ہمارے کھلاڑیوں کو پریشانی کا سامنا رہتا ہے،توقع ہے کہ یہ دورہ بہتر رہے گااور ٹیم بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گی۔

سرفراز احمد نے کہا کہ حالیہ دنوں میں مسلسل محنت کی وجہ سے میری فٹنس میں بھی بہتری آئی ہے،کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا پریشانی کا شکار ہے،ہم سب کو مل کر اس موذی بیماری سے لڑنا ہو گا،انھوں نے کہا کہ غیر معمولی انداز میں منعقد ہونے والی پی ایس ایل 5 کو پوری دنیا میں سراہا گیا، ایونٹ میں دنیا کی بہترین بولنگ کے ساتھ اعلیٰ معیار کی کرکٹ بھی نظر آئی لیکن اس کی چمک کورونا کی وجہ سے ختم ہوگئی۔

پی ایس ایل کے ایک میچ میں تماشائیوں سے خالی میدان کو دیکھ کر بہت عجیب سا لگا تھا،تماشائیوں کا گراؤنڈ میں ہونا ایک الگ ہی لطف دیتا ہے،،سرفراز احمد نے کہا کہ میں ان دنوں گھر پر ہی رہ کر فزیکل ٹریننگ کر رہا ہوں جبکہ رننگ کے لیے اپنی گلی کو ٹریک بنایا ہوا ہے،زیادہ تر وقت گھر میں اپنے بیٹے عبداللہ کے ساتھ کرکٹ کھیلنے میں گزر جاتا ہے،میں اس کا نیٹ بولر بن کر رہ گیا ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔