بلوچستان میں کل بلدیاتی انتخابات کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعـء 6 دسمبر 2013
صوبے میں کوئی سیکیورٹی خطرہ نہیں،صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،قائم مقام چیف الیکشن کمشنر فوٹو:فائل

صوبے میں کوئی سیکیورٹی خطرہ نہیں،صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،قائم مقام چیف الیکشن کمشنر فوٹو:فائل

کوئٹہ: بلوچستان میں  بلدیاتی انتخابات کےلیےتمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی اور کل صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ اسٹیشنز، بیلٹ پیپرز اور سیکیورٹی معاملات کو حتمی شکل دی جاچکی ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے لئے صوبے میں 5 ہزار 305 پولنگ اسٹیشنزقائم کئے گئےہیں جن میں سے 2 ہزار 776 کوانتہائی حساس اور ایک ہزار 581 کوحساس جب کہ 958 کونارمل قراردیاگیاہے۔ تمام پولنگ اسٹیشنز پرپولیس کے 19ہزار 322 اہلکار اور لیویزکے11ہزار 123، بلوچستان کانسٹیبلری کے 2 ہزار اور ایف سی کے 16ہزار 321 اہلکاروں سمیت پاک فوج کے5ہزار 325 جوان تعینات ہوں گے۔ صوبائی حکومت نے عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی عائد کردی ہے جو 10 دسمبر تک قائم رہے گی جبکہ حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے موقع پر صوبے بھر میں دفعہ 144 کا بھی نفاذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب قائم  مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس ناصر الملک کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تمام ترتیاری مکمل کرلی، صوبے میں کوئی سیکیورٹی خطرہ نہیں، کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جسٹس ناصر الملک کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو سب سے پہلے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا اعزاز حاصل ہے، صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

ادھرصوبائی سیکرٹری داخلہ اسد گیلانی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات پرسیکیورٹی کےلیے تقریبا 50 کروڑ روپے کاخرچہ آچکا ہےجس کا بوجھ صوبائی حکومت برداشت کررہی ہے جب کہ صوبائی الیکشن کمشنر سلطان بایزید پرامید ہیں کہ کل ہونے والے انتخابات انتہائی شفاف اورغیرجانبدارانہ ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔