لاک ڈاؤن ختم کریں، تاجروں کا وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 29 مئ 2020
ایس او پیز کی پابندی کریں گے، صوبے میں کاروباری سرگرمیاں جاری رہنے دیں۔ فوٹو: فائل

ایس او پیز کی پابندی کریں گے، صوبے میں کاروباری سرگرمیاں جاری رہنے دیں۔ فوٹو: فائل

کراچی: تاجروں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے لاک ڈاؤن ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے تاجر برادری کو یقین دہانی کرائی کہ وہ آئندہ ہونے والے نیشنل کوآرڈی نیشن کے اجلاس میں لاک ڈاؤن اٹھانے کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر پیش کریں گے، یہ بات انھوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں تاجر برادری کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، وفد میں قاسم سراج تیلی ، آغا شہاب صدر کراچی چیمبر ، ارشاد اسلام ایس وی پی کے سی سی آئی ، اطہر چاولا چیئرمین ریستوران ایسوسی ایشن ، ایف پی سی سی آئی کے میاں زاہد ، ایف پی سی سی آئی کے خرم اعجاز ، اختیار بیگ ، سعیدہ محمود مانڈوی والا اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا شامل تھے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی معاونت وزیر اطلاعات ناصر شاہ ، وزیر محنت سعید غنی ، وزیر ایکسائز مکیش چاولا ، وزیر صنعت اکرام اللہ دھاریجو نے کی، تاجر برادری نے وزیر اعلیٰ سندھ پر زور دیا کہ وہ لاک ڈاؤن کو ختم کریں اور صوبے میں تمام کاروباری سرگرمیاں جاری رہنے دیں اور انھوں نے یقین دلایا کہ وہ ایس او پیز کی پابندی کریں گے جن پر پہلے ہی اتفاق ہوچکا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ لاک ڈاؤن لگانا ان کا ذاتی فیصلہ نہیں تھا بلکہ یہ وفاقی حکومت نے صوبوں کی مشاورت سے کیا ہے لہذا انہوں نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ وہ 31 مئی سے پہلے ہونے والے این سی سی کے آئندہ اجلاس میں اس حوالے سے اپنا نقطہ نظر پیش کریں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔