کورونا کے مریض کی اسپتال میں اپنی ڈاکٹر سے منگنی

ویب ڈیسک  جمعـء 29 مئ 2020
مصر کے نوجوان محمد فہمی کو کورونا وائرس کا شکار ہونے کے باعث علاج کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا

مصر کے نوجوان محمد فہمی کو کورونا وائرس کا شکار ہونے کے باعث علاج کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا

قاہرہ: دنیا بھر میں پھیلنے والی جان لیوا وبا کورونا نے معمولات زندگی کو درہم برہم کرکے رکھ دیا ہے۔

اس وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بیشتر ممالک میں لاک ڈاؤن نافذ ہے جس کے باعث شادی ہال بند ہیں اور کئی تقریبات بھی منسوخ ہوگئی ہیں۔

لیکن جہاں یہ بیماری نئے رشتے بنانے میں رکاوٹ بنی ہے وہیں ایک ایسا جوڑا بھی ہے جس کی اس بیماری کے سبب ایک دوسرے سے شناسائی ہوئی جو بڑھتے بڑھتے محبت اور پھر منگنی میں تبدیل ہوگئی۔

مصر کے نوجوان ڈاکٹر محمد فہمی کو کورونا وائرس کا شکار ہونے کے باعث علاج کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں انہیں اپنی من موہنی ڈاکٹر آیا مصباح سے پیار ہوگیا۔ دو ماہ کے علاج کے بعد محمد فہمی صحت یاب ہوگئے اور انہوں نے اپنی مسیحا کو شادی کا پیغام دیا جو انہوں نے بخوشی قبول کرلیا۔

محمد فہمی نے ایک گھڑی کا انتظار نہیں کیا اور اسی وقت اسپتال میں ہی اپنے نام کی انگوٹھی آیا مصباح کو پہنادی۔

یہ خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور دنیا بھر سے اس جوڑے کے لیے نیک تمناؤں اور مبارک باد کے پیغامات آرہے ہیں۔ ہم بھی اس جوڑے کی خوش و خرم زندگی گزارنے کے لیے دعاگو ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔