کنگ خان بھی حناربانی کھر کی خوبصورتی کی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے

ویب ڈیسک  جمعـء 6 دسمبر 2013
حناربانی کھر کے چاہنے والوں میں کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے شاہ رخ خان بھی شامل ہوگئے ہیں  فوٹو:فائل

حناربانی کھر کے چاہنے والوں میں کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے شاہ رخ خان بھی شامل ہوگئے ہیں فوٹو:فائل

نئی دلی: بالی ووڈ کنگ خان شاہ رخ بھی پاکستان کی سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کے مداح نکلے اور ایک ٹی شو کے دوران ان کی خوبصورتی کی تعریف بڑی فراخ دلی سے کر ڈالی۔

بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں حنا ربانی کھر بھی شریک تھیں۔ پروگرام کی میزبان نے شاہ رخ خان کو بتایا کہ مہمانوں میں حنا ربانی کھر بھی موجود ہیں اس پر کنگ خان نے ماتھے پر ہاتھ رکھتے ہوئے مہمانوں کی جانب دیکھا اور سابق وزیر خارجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ماشا اللہ آپ بہت خوبصورت ہیں۔ کنگ خان کے اس تبصرے پر حاضرین ہنسنے لگے میزبان نے فوری طور پر کہا کہ ان کے شوہر بھی ساتھ بیٹھے ہیں جس پر شاہ رخ نے پریشان ہونے کی بجائے ان کی بھی تعریف کر ڈالی اور کہا کہ حنا ربانی کھر کا پورا خاندان ہی بہت خوبصورت ہے۔

اپنی خوبصورتی اور خوش لباسی کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور سابق وزیر خارجہ حناربانی کھر کےچاہنوں والوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ اب ان کے پرستار کوئی عام انسان نہیں بلکہ کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے بالی وڈ کنگ شاہ بنے ہیں۔

واضح رہے کہ ایک بھارتی اخبار نے دنیا کی پرکشش خواتین سیاستدانوں کی ایک فہرست جاری کی تھی جس میں  سابق وزیرخارجہ حنا ربانی کھر نے خواتین سیاستدانوں کو پیچھے چھوڑدیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔