شاہد خاقان نے سلمان شہباز کے ایما پر 20 ارب کی سبسڈی دی، شہزاد اکبر

ویب ڈیسک  ہفتہ 30 مئ 2020

 اسلام آباد: معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے چینی کے معاملے میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے بیٹے سلمان شہباز کے ایما پر 20 ارب روپے کی سبسڈی دی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار ہوا کہ کسی معاملے پر انکوائری کمیشن بنایا گیا اور کم مدت میں رپورٹ بنی اور عوام کے سامنے بھی پیش کی گئی، ماضی میں ایسا کون سا کمیشن بنا ہے جس میں وزرا پیش ہوئے ہوں۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے رپورٹ سے متعلق جو کہا میں ثابت کروں گا کہ وہ جھوٹ ہے، شاہد خاقان  نے آج پریس کانفرنس میں کہا کہ کمیشن میں نالائق لوگ ہیں، لگتا ہے ملک میں صرف شاہد خاقان لائق ہیں جو اپنے مالک کے ساتھ  وفادارہیں، اگر وہ کمیشن کی رپورٹ پڑھ لیتے تو یہ باتیں نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ کمیشن کی رپورٹ کے مطابق 2017-18ء میں ملک میں وافر مقدار میں گنے کی پیداوار ہوئی اور وافر مقدار میں چینی موجود تھی، شاہد خاقان عباسی نے 24 گھنٹوں کے دوران 20 ارب روپے کی سبسڈی دے کر ایکسپورٹ کی اجازت دے دی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ شاہد خاقان نے سلمان شہباز کے ایما پر 24 گھنٹے کے نوٹس پر 20 ارب روپے کی سبسڈی دی، جب ایکسپورٹ کی اجازت دی گئی تو اس وقت بھی عالمی منڈی میں قیمت زیادہ تھی، 2017-18ء میں پروکیور کیا گیا آدھا گنا ظاہر ہی نہیں کیا گیا، شاہد خاقان کمیشن کے سامنے نہ کوئی جواب نہ کوئی دستاویز دے سکے، شاہد خاقان کو اپنے خلاف چارج شیٹ پر جواب دینا پڑے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔