شہباز شریف عمران خان نہیں جو شوگر مافیا کے دباؤ میں آجائیں، ترجمان (ن) لیگ

ویب ڈیسک  ہفتہ 30 مئ 2020
سرکس کرنے اور کاغذ لہرانے سے عمران خان اور عثمان بزدار کی چوری نہیں چھپ سکتی، مریم اورنگزیب (فوٹو : فائل)

سرکس کرنے اور کاغذ لہرانے سے عمران خان اور عثمان بزدار کی چوری نہیں چھپ سکتی، مریم اورنگزیب (فوٹو : فائل)

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف عمران خان نہیں ہیں جو شوگر مافیا کے دباؤ میں آجائیں اور پھر کمیشن بنا کر رپورٹ کی آڑ میں چھپنے کی کوشش کریں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنی پریس کانفرنس میں جو سوالات کیے تھے ان پر کرائے کے ترجمان نے جواب کے بجائے صرف آئیں، بائیں شائیں اور سرکس کیا، سرکس کرنے اور کاغذ لہرانے سے عمران خان اور عثمان بزدار کی چوری نہیں چھپ سکتی، اگر شاہد خاقان عباسی یا (ن) لیگ  نے خلاف قانون یا غلط کام کیا ہے تو سرکس نہیں کارروائی کریں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نے 5 سال میں چینی کی قیمت ایک پیسہ نہیں بڑھنے دی، شہباز شریف نے شوگرمافیا کے مقابلے میں غریب کسان کا ساتھ دیا اور ان کی حق تلفی نہیں ہونے دی جو کمیشن کی رپورٹ کہہ رہی ہے، اگرسندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے باوجود شہباز شریف نے گنے کی قیمت میں کمی نہیں کی تو شاہد خاقان عباسی کے اثر میں کیسے آسکتے ہیں؟۔

یہ پڑھیں : شاہد خاقان نے سلمان شہباز کے ایما پر 20 ارب کی سبسڈی دی، شہزاد اکبر

ترجمان (ن) لیگ نے کہا کہ شہباز شریف عمران خان نہیں جو شوگر مافیا کے دباؤ میں آجائیں اور پھر کمیشن بنا کر رپورٹ کی آڑ میں چھپنے کی کوشش کریں، کرائے کے ترجمان جواب دیں کہ چینی کمیشن عبدالرزاق داؤد، اسد عمر اور عثمان بزدار کے جواب سے کیوں مطمئن نہیں ہوا؟، نواز شریف، شہباز شریف، سلمان شہباز اور شاہد خاقان کا نام لینے سے عمران خان کی چوری نہیں چھپے گی۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کرائے کے ترجمان جواب دیں کہ عمران خان اور آٹا چینی چوروں نے سال میں چینی 53 سے 90 روپے تک کیوں پہنچائی؟ عمران خان نے چینی کی قلت کے باوجود چینی برآمد کرنے کی اجازت کیوں دی؟  ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 40 فیصد کمی کے باوجود چینی پر سبسڈی کیوں دی گئی؟ ترجمان کب تک جھوٹ بولیں گے؟ کب تک الزامات لگائیں گے ؟ کب ثبوت پیش کریں گے اور کب کارروائی کریں گے؟

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔