وزیر خارجہ کے کشمیر پر سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کو خطوط

ویب ڈیسک  اتوار 31 مئ 2020
بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ملٹری کریک ڈاؤن کی شدت بڑھادی ہے، وزیرخارجہ۔ فوٹو:فائل

بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ملٹری کریک ڈاؤن کی شدت بڑھادی ہے، وزیرخارجہ۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت جھوٹے الزامات لگا کر پاکستان میں فالس فلیگ آپریشن کرنا چاہتا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر اور جنرل سیکریٹری کو خطوط لکھے ہیں جن میں وزیر خارجہ نے عالمی ادارے کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے ڈومیسائل قانون کو مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوشش قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کے مقبوضہ کشمیر میں اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہیں، جموں و کشمیر ڈومیسائل قانون بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے، کورونا کے دوران بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ملٹری کریک ڈاؤن کی شدت بڑھادی ہے، پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی پرشدید تحفظات ہیں۔

وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل کو بھارت کی جانب سے سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزیوں سے پیدا ہونے والی کشیدگی سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ بھارت کے دراندازی کے جھوٹے الزامات کو مسترد کرتے ہیں، بھارت جھوٹے الزامات لگا کر پاکستان میں فالس فلیگ آپریشن کرنا چاہتا ہے، اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ کو ایل او سی کے دوسری طرف کام کرنے کی اجازت دی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔