ایئربس نے پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات مکمل کرلیں

ویب ڈیسک  اتوار 31 مئ 2020
پی آئی طیارہ حادثہ کی تحقیقاتی رپورٹ فرانس میں تیار کی جائے گی، ذرائع فوٹو: فائل

پی آئی طیارہ حادثہ کی تحقیقاتی رپورٹ فرانس میں تیار کی جائے گی، ذرائع فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ایئربس کمپنی کے ماہرین نے پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات مکمل کرلیں اور جائے وقوعہ سے تمام ضروری شواہد بھی اکھٹے کرلیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق فرانس کی ایئربس کمپنی کی 11 رکنی تحقیقاتی ٹیم نے پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات مکمل کرلیں تاہم رپورٹ فرانس میں تیار کی جائے گی، جہاز کے فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کیبن وائس ریکارڈر کی ڈی کوڈنگ کا عمل 2 جون سے شروع ہو گا جب کہ ایف ڈی آر اور سی وی آر کی ڈی کوڈنگ فرانس کے شہر لی بورگٹ کی ایوی ایشن لیب میں کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف ڈی آر اور سی وی آر کی پہلے مرمت کی جائے گی اور پھر ڈی کوڈ کیا جائے گا جب کہ سی وی آر اور ایف ڈی آر ڈی کوڈنگ کے لئے پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کے کچھ ممبران بھی فرانس جائیں گے۔

دوسری جانب ایئر بس کمپنی نے ایوی ایشن ڈویژن اور تحقیقاتی ٹیم  سے براہ راست رابطہ کرکے تباہ شدہ جہاز کا وائس اور ڈیٹا ریکارڈر فرانس لے جانے کی اجازت مانگ لی ہے جس پر ایوی ایشن نے آمادگی ظاہر کردی ہے، ائیرکرافٹ ایکسیڈنٹ اینڈ انوسٹی گیشن ٹیم  کا ایک ممبر وائس اینڈ ڈیٹا ریکارڈ ساتھ لے کر جائے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔