17 سیکنڈ میں لیموں کا ایک لیٹر خالص رس پینے کا عالمی ریکارڈ

ویب ڈیسک  بدھ 3 جون 2020
امریکی شہری لیموں کا خالص رس پینے کی تیاری کرتے ہوئے، یہ رس پینے کے بعد کئی دن تک ان کا معدہ متاثر رہا اور ان کا گلا بھی بیٹھ گیا (فوٹو : امریکی میڈیا)

امریکی شہری لیموں کا خالص رس پینے کی تیاری کرتے ہوئے، یہ رس پینے کے بعد کئی دن تک ان کا معدہ متاثر رہا اور ان کا گلا بھی بیٹھ گیا (فوٹو : امریکی میڈیا)

اڈاہو: امریکی شخص نے صرف 17 سیکنڈ میں لیموں کا ایک لیٹر خالص رس پینے کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکی شہری کا یہ ریکارڈ ایک دلچسپ کارنامہ ہے، یہ لیموں پانی نہیں تھا بلکہ لیموں کا خالص عرق تھا جسے پینا ویسے بھی مشکل ہوتا ہے۔ اس طرح شہری ڈیوڈ رش نے کھٹے ذائقے کو میٹھے کارنامے میں تبدیل کردیا۔

دوسری اہم بات یہ ہے کہ لیموں کا سارا رس انہوں نے گھونٹ بھرنے کے بجائے ایک اسٹرا سے معدے میں منتقل کیا۔ ڈیوڈ رش بچوں میں سائنس، ریاضی اور ٹیکنالوجی کے شعور کے لیے بھی کام کرتے رہتے ہیں اور وہ اس کے لیے عالمی ریکارڈ پر اپنی طبع آزمائی کرتے رہتے ہیں اب تک وہ چھوٹے بڑے 100 ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔

قبل ازیں ایک شخص آندرے آرٹولوف نے ایک لیٹر لیموں کا رس 17 سیکنڈ میں ہی ختم کیا تھا لیکن ڈیوڈ نے چند ملی سیکنڈ قبل اپنی گلاس خالی کرکے یہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ یعنی انہوں نے 16 سیکنڈ اور 53 ملی سیکنڈ کا نیا ریکارڈ بنایا ہے۔

ڈیوڈ نے بتایا کہ حتمی مقابلے سے پہلے انہوں نے لیموں کا رس پینے کا کوئی مشق نہیں کی تھی بلکہ دو مرتبہ ایک ایک لیٹر پانی پی کر خود کو آزمایا تھا۔ بار بار انہیں خیال آیا کہ آیا اس سے پیٹ تو خراب نہیں ہوجائے گا یا ان کا جسم اس طرح کے تجربے کو برداشت کرسکے گا یا نہیں؟ لیکن ڈیوڈ نے ہمت نہیں ہاری اور خود کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔

لیموں کا خالص جوس پینے کے بعد کئی دن تک ان کا معدہ اور نظامِ ہاضمہ بہت متاثر رہا لیکن اب وہ بہتر ہیں۔ ایک دن تک ان کا گلا بھی بیٹھا رہا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔