پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں12 روپے تک کمی

ویب ڈیسک  اتوار 31 مئ 2020
پٹرول کی قیمت 81.58 روپے سے کم کرکے 74.52 پیسے فی لیٹر کردی گئی۔ نوٹیفکیشن جاری

پٹرول کی قیمت 81.58 روپے سے کم کرکے 74.52 پیسے فی لیٹر کردی گئی۔ نوٹیفکیشن جاری

 اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات میں تقریباً 12 روپے تک کی کمی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔ 

مٹی کے تیل کی قیمت میں 11 روپے 88 پیسے فی لیٹر کمی کی جس کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت47 روپے 44 پیسے سے کم ہو کر  35 روپے 56 پیسے فی لیٹر اور  پیٹرول کی فی لیٹر قیمت  7 روپے 6 پیسے کمی کے بعد 81 روپے 58 پیسے سے کم ہوکر 74 روپے 52 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں پانچ پیسے اضافے کے بعد 80 روپے 15 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 47 روپے 52 پیسے سے کم کرکے 38 روپے 14 پیسے کم کردی گئی ہے۔ حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے تحت رات بارہ بجے سے  نئی قیمتوں کا اطلاق ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: حکومت کا پیٹرولیم لیوی بلند ترین سطح پر لے جانے کا انکشاف

واضح رہے کہ اوگرا کی جانب سے دو روز قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کی سمری وزارت پٹرولیم کو بھجوائی گئی تھی جس کے مطابق پٹرول 7 روپے 6 پیسے اور مٹی کا تیل 11 روپے 88 پیسے سستا کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔ علاوہ ازیں لائٹ ڈیزل 9 روپے 37 پیسے سستا کرنے  جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 5 پیسے مہنگا کرنے کی سفارش  بھی کی گئی تھی۔

’’پیٹرولیم قیمتیں خطے میں سب سے کم ‘‘

وزیر اعظم عمران خان نے پیڑولیم مصنوعات میں کمی کے فیصلے کے بعد ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ہم نے پیٹرول ، لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کمی کردی ہے جس کے بعد پاکستان میں جنوبی ایشیا میں سب سے سستا ایندھن دست یاب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں پیڑول پاکستان سے دگنا مہنگا جب کہ سری لنکا، بنگلا دیش اور نیپال میں  یہ قیمتیں 50 سے 75 فی صد زائد ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔