بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 3 کشمیری نوجوان شہید

ویب ڈیسک  پير 1 جون 2020
نوجوانوں کو ضلع راجوڑی میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا، فوٹو : فائل

نوجوانوں کو ضلع راجوڑی میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا، فوٹو : فائل

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں مزید 3 نوجوانوں کو شہید کردیا، اس طرح تین دن میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے جنت نظیر وادی کے ضلع راجوڑی میں داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا اور گھر گھر تلاشی کے دوران بدترین بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی۔

قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران ظلم و بربریت کی انتہا کرتے ہوئے 3 کشمیری نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کر دیا۔ بھارتی فوج نے شہید ہونے والے نوجوانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی بھونڈی کوشش کی۔

یہ خبر بھی پڑھیں : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 2 نوجوان شہید

علاقہ مکینوں نے قابض بھارتی فوج کی جارحیت کے خلاف شاہراہ بلاک کر شدید احتجاج کیا اور لاشیں لواحقین کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ نوجوان نہتے اور معصوم تھے جنہیں جعلی مقابلے میں قتل کیا گیا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل بھی قابض بھارتی فوج نے ضلع کلگام میں سرچ آپریشن کے دوران دو کشمیری نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا تھا اس طرح تین روز میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔