سعودی عرب نے حوثی باغیوں کے 2 ڈرونز مار گرائے

ویب ڈیسک  پير 1 جون 2020
اتحادی افواج نے جوابی کارروائی میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، کرنل ترکی المالکی (فوٹو : فائل)

اتحادی افواج نے جوابی کارروائی میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، کرنل ترکی المالکی (فوٹو : فائل)

ریاض: یمن سے سعودی عرب کے رہائشی علاقوں کی جانب داغے گئے باردو بردار ڈرونز کو اتحادی افواج نے مار گرایا ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ صوبے عسیر کے شہر خمیس مشیط میں یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے دو ڈرونز کو فضا میں تباہ کردیا گیا ہے۔ سرحدوں کو حوثی باغیوں کی دہشت گردانہ کارروائیوں سے محفوظ بنانے کے لیے سعودی ایئر ڈیفنس مستعد ہیں۔

سعودی عسکری اتحاد کے ترجمان کرنل المالکی نے مزید کہا کہ یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی عسکریت پسندوں کو غیر مسلح کرنے تک جاری رہے گی، فضائی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے کئی ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا ہے اور اتحادی افواج کو کامیابیاں مل رہی ہیں۔

دوسری جانب حوثی باغیوں کی جانب سے ڈرون مار گرائے جانے پر کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے تاہم گزشتہ برس سے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے سرحدی علاقوں پر متعدد بار میزائل اور ڈرونز حملے کیے ہیں جن میں مقامی آبادی کا جانی نقصان بھی ہوا ہے۔ ایک سعودی ہیلی کاپٹر کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔