کورونا کیخلاف جنگ میں صحافیوں سے کیا وعدہ پورا کردیا، فیاض الحسن چوہان

ویب ڈیسک  بدھ 3 جون 2020
میڈیا نے کورونا کے خطرات، ممکنہ بچاو سے متعلق حکومتی پالیسیوں، اقدامات اور آگاہی مہم کو عوام تک پہنچایا، صوبائی وزیر

میڈیا نے کورونا کے خطرات، ممکنہ بچاو سے متعلق حکومتی پالیسیوں، اقدامات اور آگاہی مہم کو عوام تک پہنچایا، صوبائی وزیر

 لاہور: وزیراطلاعات ونشریات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ میں نے بطور صوبائی وزیر 3 ماہ قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر کورونا وائرس کے خلاف محاذ پر صف اول پر لڑنے والے صحافیوں کے لیے جس خصوصی پیکج کا اعلان کیا تھا، آج ہم نے وہ وعدہ وفا کردیا۔

وزیراطلاعات ونشریات پنجاب نے کہا کہ رواں سال کے آغاز میں جب کورونا وائرس دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی اپنے پنچے گاڑھ رہا تھا، وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستان کے تمام طبقات بالخصوص بیوروکریسی، ڈاکٹرز وپیرا میڈیکل اسٹاف،پولیس افواج پاکستان اور میڈیا کے ساتھ ملکر محاذ سنبھالا، اس غیر روایتی جنگ میں ہمارے پرنٹ والیکٹرانک میڈیا نے جذبہ حب الوطنی اور احساس ذمہ داری کے ساتھ سوشل اور مین اسٹریم میڈیا پر غیر مصدقہ اطلاعات اور سازشی تھیوریوں کے طوفان کا مقابلہ کرتے ہوئے کورونا کے خطرات ، ممکنہ بچاو سے متعلق حکومتی پالیسیوں، اقدامات اور آگاہی مہم کو عوام تک پہنچایا، جس کا اعتراف بزدار حکومت آج اس امدادی رقم کی صورت میں کررہی ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ انشااللہ مستقبل قریب میں جب پاکستان کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائے گا تو بحیثیت مجموعی ہم سب کا ایک دوسرے سے اور اس وطن سے رشتہ پہلے سے زیادہ مضبوط اور گہرا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔