کابل کے سخت سیکیورٹی زون کی مسجد میں دھماکا، امام اور نمازی شہید

ویب ڈیسک  بدھ 3 جون 2020
دھماکے میں معروف عالم دین ایاز نیازی شہید ہوگئے، فوٹو : افغان میڈیا

دھماکے میں معروف عالم دین ایاز نیازی شہید ہوگئے، فوٹو : افغان میڈیا

کابل: افغانستان کے دارالحکومت سخت سیکیورٹی زون کی مسجد کے اندر دھماکے میں معروف عالم دین ایاز نیازی ایک نمازی سمیت شہید ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق دارالحکومت کابل کے گرین زون میں واقع مشہور ’وزیر اکبر خان مسجد‘ میں زوردار دھماکا ہوا ہے، دھماکے کے وقت مسجد میں معروف عالم دین ایاز نیازی اور نمازی موجود تھے۔ نماز امام ایاز نیازی نے پڑھائی جس کے بعد دھماکا ہوا اور مسجد کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔

دھماکے میں مسجد کے امام ایاز سمیت ایک نمازی شہید جب کہ 20 افراد زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو ادارے نے قریبی اسپتال منتقل کیا۔ زخمیوں میں سے 4 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

وزیر اکبر خان مسجد کابل کی معروف ترین مسجد ہے جہاں امام ایاز نیازی کے خطبات کو سننے کے لیے دور دور سے لوگ آتے ہیں جب کہ کابل انتظامیہ کے اہم رہنما بھی اسی مسجد میں نماز عیدین ادا کرتے ہیں۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ کابل میں ایک اور دھماکے میں 4 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ دونوں دھماکوں میں دھماکا خیز مواد کا استعمال کیا گیا تھا جنہیں ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے اُڑایا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔