آزاد کشمیر حکومت کا پبلک ٹرانسپورٹ سروس بحال کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعرات 4 جون 2020
پبلک ٹرانسپورٹ پر مسافروں کے درمیان ایک نشست خالی رکھی جائے گی، نوٹی فکیشن جاری (فوٹو : فائل)

پبلک ٹرانسپورٹ پر مسافروں کے درمیان ایک نشست خالی رکھی جائے گی، نوٹی فکیشن جاری (فوٹو : فائل)

 مظفر آباد: آزاد کشمیر حکومت نے  بین الاضلاع اور بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ سروس بحال کرنے کی اجازت دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آزاد کشمیر حکومت نے کورونا ایس او پیز کے تحت بین الاضلاع اور بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ سروس بحال کرنے کی اجازت دیتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ پر مسافروں کے درمیان ایک نشست خالی رکھی جائے گی، خالی نشت کا کرایہ مسافروں سے وصول کیا جائے گا، مسافروں کو ماسک پہننا لازمی ہوگا، ڈرائیور اور دیگر عملہ کورونا ایس او پی کی تحت ماسک اور دستانے پہنے گا جب کہ دوران سفر ٹرانسپورٹ کا ایس او پی پر عمل درآمد کرانے کا پابند ہوگا۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ اڈہ مالکان انتظار گاہوں میں 6 فٹ کا فاصلہ برقرار رکھنا یقینی بنائیں گے، مالکان ایس او پی کے تحت صفائی ستھرائی کی ذمہ دار ہوں گے، بخار، سر درد، گلے میں درد ، نزلہ و زکام کی صورت میں نہ تو کوئی مسافر سفر کرسکے گا اور نہ ٹرانسپورٹ کا عملہ ڈیوٹی دے سکے گا، مسافروں کے مکمل کوائف بشمول شناختی کارڈ نمبر فون نمبر سمیت فہرست مرتب کی جائے گی، کوائف کی کاپی انٹری پوائنٹ پر متعلقہ حکام کو دی جائے گی، خلاف ورزی کی صورت میں پانچ ہزار روپے جرمانہ اور سات دن کے لیے اڈا سیل کردیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔