بجٹ سے متعلق منصوبہ بندی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، وزریراعلیٰ بلوچستان کا واک آؤٹ

حسیب حنیف / ویب ڈیسک  جمعرات 4 جون 2020
سندھ کا وفاق سے اضافی فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ، وزیراعلی بلوچستان نے بھی اضافی ترقیاتی فنڈز مانگ لیے۔

سندھ کا وفاق سے اضافی فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ، وزیراعلی بلوچستان نے بھی اضافی ترقیاتی فنڈز مانگ لیے۔

 اسلام آباد: سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس سے وزیراعلیٰ بلوچستان واک آؤٹ کرگئے۔

ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر جہانزیب خان کی زیر صدارت بجٹ 2020-21 کے لیے سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں نئے مالی سال کیلئے وفاقی و ترقیاتی بجٹ اور معاشی اہداف طے کیے جائیں گے۔

چاروں صوبائی، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے وزرا منصوبہ بندی سمیت دیگر حکام اجلاس میں شریک ہیں جس میں رواں مالی سال کے لیے معاشی اعشاریوں کے نتائج کی منظوری دی جائیگی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال اور سندھ سے نثار کھوڑو نے ویڈیو لنک سے اجلاس میں شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق نثار کھوڑو نے وفاق سے اضافی فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کردیا اور وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے بھی وفاقی حکومت سے اضافی ترقیاتی فنڈز مانگ لیے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان تلخی کے بعد اجلاس سے واک آؤٹ کرگئے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کیلیے اقتصادی ترقی کا ہدف دو فیصد،صوبائی ترقیاتی بجٹ کیلیے سات سو ارب روپے مختص کیے جانے، آئندہ مالی سال کیلیے کرنٹ اکاونٹ خسارے کا ہدف ساڑھے چھ ارب ڈالر جبکہ برآمدی ہدف 25 ارب ڈالر، درآمدی ہدف 46 ارب ڈالر مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔

ترسیلات زر سے آمدنی کا ہدف ساڑھے 20 ارب ڈالر مقرر کیے جانے کے امکان ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے آئندہ مالی سال کے دوران بھی معاشی کارکردگی متاثر ہوسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔