پاکستان ٹیم افغان ’شاگردوں‘ کا ہنر آزمانے کو تیار

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 7 دسمبر 2013
سری لنکا کیخلاف سیریز کی تیاری کیلیے وارم اپ کے طور پر رکھا گیاواحد ٹوئنٹی20 میچ اتوار کو کھیلا جائے گا. فوٹو: ایکسپریس/فائل

سری لنکا کیخلاف سیریز کی تیاری کیلیے وارم اپ کے طور پر رکھا گیاواحد ٹوئنٹی20 میچ اتوار کو کھیلا جائے گا. فوٹو: ایکسپریس/فائل

دبئی: پاکستان نے شاگردوں کا ہنر آزمانے کیلیے تیاری  مکمل کرلی، فاسٹ بولر بلاول بھٹی  ویزے کا بندوبست ہونے کے بعد دبئی میں دیگر کھلاڑیوں سے جاملے۔

کپتان محمد حفیظ اور آل رائونڈر شاہد آفریدی نے بھی اسکواڈ کو جوائن کرلیا، سری لنکا کیخلاف سیریز کی تیاری کیلیے وارم اپ کے طور پر رکھا گیاواحد ٹوئنٹی20 میچ اتوار کو کھیلا جائے گا، پناہ گزینی کے دور میں کرکٹ کے گر سیکھنے والی پڑوسی ملک کی ٹیم استادوں کو سبق سکھانے کے خواب دیکھنے لگی، کوچ کبیر خان کا کہناہے کہ اچھی کارکردگی کی بدولت دنیا کی توجہ حاصل کرنے کا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دینگے۔ محمدحفیظ نے افغانستان کو خطرناک حریف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میچ کو آسان لینے کے بجائے بھرپور قوت کے ساتھ کامیابی کیلیے میدان میں اتریں گے۔ تفصیلات کے مطابق  سری لنکا سے  سیریز کی تیاری کیلیے وارم اپ کے طور پر واحد ٹوئنٹی20 میچ افغانستان کیخلاف اتوار کو  شیڈول کیا گیا ہے، ٹکڑوں میں جانے والی پاکستان ٹیم کے سعید اجمل کے سوا تمام کھلاڑی دبئی پہنچ چکے ہیں، فاسٹ بولر بلاول بھٹی کے ویزا مسائل کا حل تلاش کرلیا گیا۔

کپتان محمد حفیظ اور آل رائونڈر شاہد آفریدی نے بھی اسکواڈ کو جوائن کرلیا،دوسری طرف  پاکستان سے کرکٹ کے گر سیکھنے والی پڑوسی ملک کی ٹیم گرین شرٹس کے خلاف اس فارمیٹ کے پہلے انٹرنیشنل مقابلے میں استادوں کو سبق سکھانے کے خواب دیکھ رہی ہے۔ پاکستان کی طرف سے 4ٹیسٹ اور 10ون ڈے میچ کھیلنے والے افغان ٹیم کے کوچ کبیر خان کا کہناہے کہ میچ ہمارے لیے تاریخی حیثیت رکھتا ہے، اچھی کارکردگی کی بدولت دنیا کی توجہ حاصل کرسکتے ہیں،اس موقع کو ہاتھ سے نہیں جانے دینگے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان کرکٹ کو بہت سپورٹ کیا ہے،گزشتہ سال گرین شرٹس کی بدولت ہی آئی سی سی کی فل ممبر ٹیم سے پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے کا موقع ملا تھا،اپنے پانچویں ٹوئنٹی 20 میچ کو ملکی تاریخ کی پہلی فتح کے ساتھ یادگار بنانے کی پوری کوشش کریں گے، پاکستان ٹیم کے کپتان محمدحفیظ کے مطابق افغانستان ایک خطرناک حریف ہے، میچ کو آسان لینے کے بجائے بھرپور قوت کے ساتھ کامیابی کیلیے میدان میں اتریں گے۔

انھوں نے کہا کہ پڑوسی ملک کی ٹیم عمدہ کارکردگی کی بدولت ورلڈ کپ 2015 کے بعد حال ہی میں عالمی ٹوئنٹی 20 ایونٹ کیلیے بھی کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوئی،مختصر طرز کے مقابلوں میں77 وکٹوں کے ساتھ کامیاب ترین بولر سعید اجمل کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ورلڈ کلاس اسپنر کی کمی محسوس ہوگی،تاہم  ان کی عدم موجودگی میں دوسروں کو ذمے داری اٹھانے اور پرفارم کرنے کا موقع ملے گا۔  لاہور ائیرپورٹ پر دبئی روانگی سے قبل  محمد حفیظ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ  جنوبی افریقہ سے سیریز جیتنے کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے، دبئی میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی ہر میچ میں بہترین پرفارم نہیں کرسکتا، تاہم ہر کسی کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ملک کیلیے اچھا کھیلے، گزشتہ ڈیڑھ سال سے ہماری بیٹنگ میں مسلسل خامیاں سامنے آرہی ہیں، امید ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ جلد ٹیم کیلیے بیٹنگ کوچ کا تقرر کردے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑی ٹیم کا مستقبل ہیں،ان سے بڑی توقعات وابستہ ہیں، بطور کپتان انہیںٹوئنٹی 20کرکٹ میں زیادہ سے زیادہ مواقع دیتے ہیں، آل رائونڈرز بلاول بھٹی اور انور علی نے اپنے انتخاب کو درست ثابت کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ عبدالرزاق کو کارکردگی دکھانے کا مناسب موقع نہیں مل سکا، تاہم آل رائونڈر محنت کرکے ٹیم میں واپس آسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔