پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 127 فیصد اضافہ

بزنس رپورٹر  جمعـء 5 جون 2020
مختلف شعبوں میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ بڑھی، اسٹیٹ بینک۔ فوٹو، فائل

مختلف شعبوں میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ بڑھی، اسٹیٹ بینک۔ فوٹو، فائل

کراچی: رواں مالی سال کے دوران پاکستان میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں 127فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا اپریل 20-2019 کے دوران ملک میں 2.281 ارب ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری  کی گئی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران  یہ سرمایہ کاری 1.006 ارب ڈالرتھی۔اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران ایف ڈی آئی میں 1.275ارب ڈالر یعنی 127فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری بجلی  اور گیس کی فراہمی کے  شعبے میں کی گئی ہے جو 35 کروڑ ڈالر کے مقابلہ میں جاری مالی سال میں 62 کروڑ سے زائد ہو گئی ہے۔اس طرح غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے والا دوسرا بڑا سیکٹر ٹیلی کمیونیکیشن رہا ہے جس میں جولائی تا اپریل 2019-20 کے دوران 50 کروڑ نوے لاکھ ڈالر سرمایہ کاری کی گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں اس شعبے میں 11 کروڑ 5 لاکھ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں ان دو شعبوں میں 45 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی جبکہ رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران دونوں شعبہ جات میں 1.136 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کان کنی کے شعبہ میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری بھی21 کروڑ 80 لاکھ  ڈالر کے مقابلہ میں 78 فیصد کے اضافہ سے 38 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تک بڑھی ہے جبکہ فنانس اور انشورنس سیکٹر میں کی جانے والی سرمایہ کاری 2.24 فیصد کی کمی سے25 کروڑ 84 لاکھ ڈالر کے مقابلہ میں 25 کروڑ 26 لاکھ ڈالر ہوگئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔