اسٹیل ملز کی نجکاری کا فیصلہ؛ سینیٹ میں حکومت پر اپوزیشن کی شدید تنقید

ویب ڈیسک  جمعـء 5 جون 2020
ووٹ لینے کے لئے بڑی بڑی بڑھکیں مارنے والے اب استعفی دیں، مشاہد اللہ خان فوٹو: فائل

ووٹ لینے کے لئے بڑی بڑی بڑھکیں مارنے والے اب استعفی دیں، مشاہد اللہ خان فوٹو: فائل

 اسلام آباد: سینیٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن نے پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری کے فیصلے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

چیئرمین صادق سنجرانی کی سربراہی میں سینیٹ کا اجلاس ہوا تو اپوزیشن کی جانب سے پاکستان اسٹیل ملز کی مجوزہ نجکاری کے فیصلے پر اظہار خیال کیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ اسٹیل ملز کو ہم چلا کر دکھائیں گے، ملک دیوالیہ ہونے جارہا ہے، یہ ہر بات کا ذمہ دار سابقہ حکومتوں کو گردانتے ہیں، ووٹ لینے کے لئے بڑی بڑی بڑھکیں مارنے والے اب استعفی دیں، اسد عمر کو اب مستعفی ہوجانا چاہیے۔

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عمران خان کا دعوی تھا کہ اسٹیل ملز کو وہ چلا کر دکھائیں گے، عمران خان کا وہ وعدہ کہاں گیا؟

پاکستان اسٹیلز ملز کے سابق چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبد القیوم نے مطالبہ کیا کہ پاکستان اسٹیل ملز کے حوالے سے ایوان میں الگ بحث کروائی جائے۔

وفاقی وزیر حماد اظہر نے حکومت کی جانب سے بتایا کہ پاکستان اسٹیل ملز پر 211 ارب کا قرض اور اس کا نقصان 176 ارب روپے ہے،پاکستان اسٹیل ملز 2008 اور 2009 کے درمیان میں منافع سے خسارے میں چلی گئی، 2015 میں اسٹیل ملز کو بند کر دیا گیا، ساڑھے پانچ سال میں ملازمین کو 35 ارب کی تنخواہ دی جاچکی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اسٹیل ملز کو نجی پارٹنرشپ کے ساتھ چلائیں، ہم اسٹیل ملز کی قرض ری اسٹرکچرنگ کے بعد نجکاری کی جانب جائیں گے، اسٹیل ملز کے ملازمین کو اوسط 23 لاکھ روپے دیے جائیں گے اور بعض کو تو 70 لاکھ روپے ملیں گے۔

ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے کئے گئے مطالبات کے بعد چیئرمین سینیٹ نے اسٹیل ملز ملازمین کی ملازمت سے برطرفی کا معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔