کورونا سے زیادہ متاثرعلاقوں کو بند کیا جاسکتا ہے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعـء 5 جون 2020
لاک ڈاؤن کورونا کا حل نہیں لیکن کچھ علاقوں میں محدود لاک ڈاؤن کیا جا سکتا ہے، وزیراعظم (فوٹو: فائل)

لاک ڈاؤن کورونا کا حل نہیں لیکن کچھ علاقوں میں محدود لاک ڈاؤن کیا جا سکتا ہے، وزیراعظم (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے تناظر میں کہا ہے کہ ابھی مزید سخت چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا جس کی وجہ سے ملک لاک ڈاؤن کو برداشت نہیں کرسکتا تاہم زیادہ متاثر ہونے والےعلاقوں کو بند بھی کیا جاسکتا ہے۔ 

ٹائیگر فورس کے رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کورونا کا حل نہیں ہے اس لیے دیگرممالک بھی لاک ڈاؤن کو کھول رہے ہیں۔ کورونا وبا کی وجہ سے دنیا کی معیشت تباہ ہوگئی جس کی وجہ سےقرض دینے والے ممالک بھی خود مقروض ہوگئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے ملک کی معاشی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہماری معیشت کو بھی کورونا وائرس سے دھچکا پہنچا ہے، ریونیو 800 ارب روپے کم ہوگئے ہیں جب کہ پچھلی حکومتوں کے لیے قرضوں پر بھی ہمیں 5 ہزار ارب سود ادا کرنا پڑا ہے۔ بجٹ میں اپنے اخراجات کم کرنے اور ریونیو بڑھانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: کورونا بحران کے باعث 30 لاکھ افراد بے روزگار ہو سکتے ہیں، وزارت خزانہ

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کو پھیلنے سے نہیں روک سکتے، لاک ڈاؤن کے دوران غریبوں کو احساس پروگرام کے تحت رقوم کی فراہمی نہیں کرتے تو حالات آج زیادہ خراب ہوتے۔ مخصوص علاقوں میں لاک ڈاؤن کو سخت بھی کیا جا سکتا ہے اور اگر وہاں خوراک کی کمی کا سامنا ہوا تو ٹائیگر فورس کھانا پہنچائے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس کے رضاکاروں کو وبا کے دوران ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مساجد کھولیں اور ٹائیگر فورس نے مساجد میں ایس او پیز کو یقینی بنایا جس کی وجہ سے کورونا مساجد سے نہیں پھیلا۔ اب ٹائیگر فورس کو مزید ذمہ داریاں بھی نبھانی ہوگئیں۔

یہ بھی پڑھیے: کورونا وبا؛ مزید 68 افراد جاں بحق، مجموعی تعداد 1838 ہوگئی

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس کے لیے کارڈ کے اجراء کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹائیگر فروس کو ٹڈی دل کی زد میں آنے والے علاقوں میں بھی امدادی کام کرنے ہوں گے اسی طرح شجر کاری مہم میں بھی یہ فورس اپنا کردار ادا کرے گی۔ ٹائیگر فورس ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی اور یوٹیلٹی اسٹورز کے مسائل سے بھی حکومت کو آگاہ کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔