ہتک عزت کیس؛ شہباز شریف کی درخواست پر وزیر اعظم کو نوٹس

ویب ڈیسک  جمعـء 5 جون 2020
عمران خان کوذاتی حیثیت میں پیروی کا نوٹس جاری کیا جائے۔ درخواست : فوٹو: فائل

عمران خان کوذاتی حیثیت میں پیروی کا نوٹس جاری کیا جائے۔ درخواست : فوٹو: فائل

 اسلام آباد: قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی درخواست پر وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہتک عزت کے مقدمے میں 10 جون کے لئے پیروی کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج لاہور محمد سہیل انجم نے شہبازشریف کی درخواست پر وزیراعظم عمران خان کو 10 جون کے لئے پیروی کا نوٹس جاری کیا ہے۔ شہبازشریف نے درخواست میں موقف اختیارکیا تھا کہ ڈاکٹربابراعوان مشیربننے کے بعد مقدمے میں پیروی نہیں کرسکتے، لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسلز رولز 1976 کے تحت کسی اورشعبہ یا نوکری اختیارکرنے پر وکالت کا سرٹیفکیٹ معطل ہوجاتا ہے، تقرری کے ایک ماہ تک پیشہ کی تبدیلی سے آگاہ نہ کرنے والا وکیل مس کنڈکٹ کا مرتکب ٹھہرتا ہے، پروفیشنل مس کنڈکٹ کے مرتکب وکیل کا نام وکلاء کی فہرست سے ہٹادیا جاتا ہے، عمران خان کے نائب وکیل کو عدالت میں جھوٹی گواہی پرجرمانہ کیا جائے۔

شہباز شریف نے درخواست میں مزید کہا کہ 3 سال سے مقدمہ کی سماعت جاری ہے لیکن عمران خان نے تحریری جواب تک جمع نہیں کرایا، 60 سماعتوں میں 33 مرتبہ عمران خان نے التواء کی درخواستیں دائرکیں۔

درخواست کے مطابق عدالتی آرڈر شیٹ عمران خان کے غیرسنجیدگی اورلاپرواہ رویہ کا منہ بولتاثبوت ہے، جون کو پھر التوا کی درخواست کی گئی کہ عمران خان کے وکیل بابراعوان کورونا کی وجہ سے اسلام آباد سے لاہورنہیں آسکتے، عمران خان کے وکیل کی طرف سے عدالت کے سامنے یہ بیان دروغ گوئی اورجھوٹی گواہی کے مصداق ہے۔ عمران خان کوذاتی حیثیت میں پیروی کا نوٹس جاری کیا جائے۔

واضح رہے کہ شہبازشریف نے 10 ارب کا الزام عائد کرنے پرعمران خان کے خلاف ہرجانے کے مقدمے کی جلد سماعت کی درخواست دائرکی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔