اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، ڈالر کی قدر میں کمی، سونا بھی سستا

بزنس رپورٹر  ہفتہ 6 جون 2020
ڈالر کی قیمت خرید میں 30 پیسے کی کمی، 163.20 روپے کا ہوگیا، فی تولہ سونے کی قیمت میں 100روپے کمی۔ فوٹو: فائل

ڈالر کی قیمت خرید میں 30 پیسے کی کمی، 163.20 روپے کا ہوگیا، فی تولہ سونے کی قیمت میں 100روپے کمی۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںایک روزہ مندی کے بعد جمعہ کو ریکوری دیکھنے میں آئی جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 231.03 پوائنٹس کے اضافے سے 34350.42 پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا اور 59.87 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کے سرمائے میں 38 ارب 34 کروڑ 10 لاکھ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روزٹریڈنگ کا آغاز منفی زون میں ہوا اور ابتدائی اوقات میں کے ایس ای 100 انڈیکس 34081پوائنٹس کی نچلی سطح پر آ گیا، تاہم بعد ازاں 34 ہزار کی نفسیاتی حد کے قریب خریداری کا رجحان بڑھ گیا جس کے باعث منفی اثرات زائل ہوگئے اور مارکیٹ مثبت زون میں داخل ہوگئی اورتیزی کا رجحان آخرتک برقرار رہا اور مارکیٹ کے اختتام پر 231.03 پوائنٹس کے اضافے سے 34350.42 پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 85.48 پوائنٹس کے اضافے سے 15000.89 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 144.47 پوائنٹس کے اضافے سے 34350.42 پوائنٹس پر بند ہوا۔

دریں اثنا انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں جمعہ کو روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان رہا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق جمعہ کو انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت خر ید 30 پیسے کی کمی سے 163.50 روپے سے گھٹ کر 163.20 روپے اور قیمت فروخت 25 پیسے کی کمی سے 163.75روپے سے گھٹ کر 163.50 روپے ہوگئی جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 30 پیسے کی کمی سے 163.30 روپے سے گھٹ کر 163روپے اور قیمت فروخت 163.80 روپے سے گھٹ کر 163.50 روپے ہو گئی۔

علاوہ ازیں عالمی بلین مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کی فی اونس قیمت میں 1 ڈالرز کی کمی رہی جس کے بعد سونے کی فی اونس قیمت 1706 ڈالرز کی سطح پر آ گئی۔ عالمی منڈی میں سونے کے نرخوں میں کمی کے باعث مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت 100 روپے کمی سے 97600 اور دس گرام سونے کی قیمت 86 روپے کمی سے 83676 روپے ہو گئی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔