فیصل قریشی کی کورونا کو ڈراما اور ارطغرل کو حقیقت کہنے پر وضاحت

ویب ڈیسک  ہفتہ 6 جون 2020
لوگوں نے مجھے اتنی ساری باتیں سنا دیں جس پر مجھے حیرانی کے ساتھ افسوس بھی ہے ، فیصل قریشی فوٹوانٹرنیٹ

لوگوں نے مجھے اتنی ساری باتیں سنا دیں جس پر مجھے حیرانی کے ساتھ افسوس بھی ہے ، فیصل قریشی فوٹوانٹرنیٹ

کراچی: فیصل قریشی نے کوروناوائرس کو ڈراما اور ڈراما سیریل ارطغرل غازی کو حقیقت کہنے پر لوگوں کی تنقید کے بعد وضاحتی ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔

اداکار فیصل قریشی اس وقت سے تنقید کی زد میں ہیں جب انہوں نے سوشل میڈیا پر  کہا تھا کہ ہمارے یہاں لوگ کورونا وائرس کو ڈراما اور ’’ارطغرل‘‘ جو کہ ایک ڈراما ہے اسے حقیقت سمجھتے ہیں۔

ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر لوگوں نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں بھی ان اداکاروں کی صف میں لاکھڑا کیا جو ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘کے  خلاف ہیں ۔ سوشل میڈیا پر فیصل قریشی پر لوگوں کی جانب مسلسل تنقید کا سلسلہ جاری ہے اور لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک ڈراما ان دو روپے کے اداکاروں سے ہضم نہیں ہورہا۔

جب تنقید حد سے بڑھ گئی تو فیصل قریشی نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں نے مجھے اتنی ساری باتیں سنا دیں جس پر مجھے حیرانی کے ساتھ افسوس بھی ہے ۔ لوگوں نے پوری بات نہیں پڑھی دراصل میرے کہنے کا مقصد یہ تھا کہ کووڈ 19 بہت سنجیدہ مسئلہ ہے جسے لوگ سمجھ نہیں رہے  اور لوگ اسے ڈراما سمجھ رہے ہیں۔

جب کہ ارطغرل ایک ڈراما ہے جسے ہمارے لوگوں نے حقیقت سمجھ لیا اور ڈرامے کے اداکاروں کے انسٹاگرام پر جا جاکر ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں تبصرے کرنے لگے۔ یہاں تک کہ ڈرامے کے ہیروئن اسریٰ بلجک جنہوں نے حلیمہ سلطان کا کردار نبھایا ہے کو ڈوپٹہ نہ لینے پر اور ڈرامے کے ہیرو انجن التان کو گھر میں کتا رکھنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنانے گے۔ میں نے اس طرح کی ذہنیت رکھنے والوں کو یہ بات کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔