شہبازشریف کا کورونا پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 6 جون 2020
کورونا وبا کے پھیلاؤ اور لاک ڈاؤن میں نرمی کے نتائج کا دوبارہ جائزہ لیا جائے، شہبازشریف

کورونا وبا کے پھیلاؤ اور لاک ڈاؤن میں نرمی کے نتائج کا دوبارہ جائزہ لیا جائے، شہبازشریف

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

شہبازشریف نے کورونا سے اموات اور متاثرین کی تعداد میں اضافے پر اظہار تعزیت وافسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اموات کی شرح اور متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ متقاضی ہے کہ وفاق اور صوبے مل کر حالات کا جائزہ لیں، مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلایا جائے، کورونا کے خلاف فرنٹ لائن سولجرز اور عوام کو حالات کے رحم و کرم پر نہ چھوڑا جائے۔

شہبازشریف نے کہا کہ کورونا کی تباہ کاری وزیراعظم اور حکومت کے دعوں کو غلط ثابت کرچکی ہے، اصلاح احوال کے لئے نظر ثانی کی جائے، حالات کی سنگینی دیکھتے ہوئے وزیراعظم صاحب کی کنفیوژن اب تک دور ہوجانی چاہئے تھی۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کورونا وباءمیں اضافے کا الزام عوام پر نہ لگایا جائے، انہیں تیار کیاجائے، آگاہی دی جائے، ہسپتالوں میں سہولیات کی عدم فراہمی اور علاج معالجے کے لئے درربدر کی ٹھوکریں کھا نے والے عوام کی شکایات کا ازلہ کیاجائے۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ کورونا وبا کے پھیلاؤ اور لاک ڈاؤن میں نرمی کے نتائج کا دوبارہ جائزہ لیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔