شعیب اختر کی طلبی کا معاملہ، ڈی جی ایف آئی اے نے رپورٹ طلب کر لی

طالب فریدی / اسٹاف رپورٹر  اتوار 7 جون 2020
انکوائری افسر نے شعیب اختر کا نوٹس جان بوجھ کر پبلک کیا، وکیل ابوذر سلمان خان نیازی ۔ (فوٹو: فائل)

انکوائری افسر نے شعیب اختر کا نوٹس جان بوجھ کر پبلک کیا، وکیل ابوذر سلمان خان نیازی ۔ (فوٹو: فائل)

 لاہور: سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر شعیب اختر کی ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں طلبی کے معاملے میں ڈی جی ایف آئی اے نے رپورٹ طلب کرلی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے درخواست دی تھی کہ شعیب اختر نے سوشل میڈیا پر ان کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کیا جس سے ان کی شہرت کو نقصان پہنچا،اس درخواست پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ لاہور نے قانون کے مطابق کارروائی شروع کرتے ہوئے شعیب اختر کو 5 جون کو طلب کر لیا تھا، انھوں نے  طلبی کے نوٹس پر ناراضی ظاہر کرتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے سے شکایت کر دی تھی۔

وکیل ابوذر سلمان خان نیازی کی وساطت سے خط میں لکھا گیا کہ شعیب اختر کو طلب کرنے کا نوٹس غیر قانونی ہے، ایف آئی اے نے قواعد و ضوابط پورے نہیں کیے،نوٹس میں طلبی کی وجوہات نہیں بتائی گئیں، شعیب اختر قومی کھلاڑی رہ چکے اور انھوں نے ملک کے لیے بہترین فرائض سر انجام دیے، انکوائری افسر نے شعیب اختر کا نوٹس جان بوجھ کر پبلک کیا، ڈی جی ایف آئی اے طلبی کے نوٹس کو کالعدم قرار دیں۔

اس پر ڈی جی ایف آئی اے نے لاہور سائبر کرائم ونگ کے ڈائریکٹر سے جواب طلب کر لیا ہے،اس کی روشنی میں تحقیقات جاری رکھنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔