عدالت کا ایف آئی اے سے سنتھیا رچی پر مقدمہ درج کرنے کے متعلق جواب طلب

ویب ڈیسک  اتوار 7 جون 2020
امریکی بلاگر نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ فوٹو، انترنیٹ

امریکی بلاگر نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ فوٹو، انترنیٹ

 اسلام آباد: سیشن کورٹ نے امریکی صحافی سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ سے 9 جون تک جواب طلب کرلیا۔

اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان نے پیپلز پارٹی اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی کی درخواست پر سماعت کی۔ جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ امریکی صحافی  نے سوشل میڈیا پر بےنظیربھٹو کے خلاف مہم  چلائی۔ درخواست گزار کے مطابق  پی ٹی اے کو سوشل میٖڈیا سے ٹوئٹ ڈیلیٹ کروانے اور ایف آئی اے کو مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواستیں دیں جس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔عدالت  مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کرے۔

اس سے قبل ایڈیشنل سیشن جج عابدہ سجاد نے ایک شہری وقاص عباسی کی درخواست پر مقدمہ درج نہ کرنے پر پولیس کو 8 جون کو جواب طلب کررکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: امریکی خاتون کا سابق وزیر داخلہ رحمن ملک پر زیادتی کا الزام

واضح رہے کہ امریکی صحافی اور بلاگر سنتھیا رچی نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک ویڈیو بیان میں پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ رحمن ملک پر زیادتی کا الزام عائد کیا ہے۔ علاوہ ازیں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وفاقی وزیر صحت مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کرنے کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔ اس سے قبل وہ پیپلز پارٹی کی مرحوم چیئرپرسن بے نظیر بھٹو سے متعلق بھی سنگین الزامات عائد کرچکی ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے امریکی خاتون کے عائد کردہ الزامات کو مسترد کیا ہے اور قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دیا ہے تاہم بے نظیر بھٹو سے متعلق سنھتیا رچی کے الزامات کے خلاف پیپلز پارٹی ایف آئی اے میں شکایت درج کروانے کے لیے رجوع کرچکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔