عوام کورونا پر سنجیدہ نہیں، ٹائیگر رضاکار عملدرآمد کرائیں، وزیراعظم

نمائندگان ایکسپریس  ہفتہ 6 جون 2020
احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد ہی بڑی مصیبت سے بچا سکتا، عمران خان ۔ فوٹو: فائل

احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد ہی بڑی مصیبت سے بچا سکتا، عمران خان ۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کورونا کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے، ٹائیگر فورس کے رضاکار ایس او پیز پر عمل کرائیں۔

ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ اشرافیہ ملک میں لاک ڈاؤن چاہتی ہے، ہمارے مراعات یافتہ طبقے کے پاس بڑے گھر اور زیادہ وسائل موجود ہیں لیکن لاک ڈاون کا مطلب معیشت کی تباہی ہے۔عوام کرونا وائرس کی شدت اور ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو سمجھیں، ہمارے ڈاکٹر اور ہیلتھ پروفیشنل کورونا کی وجہ سے شدید خطرات سے دوچار ہیں۔ علما، میڈیا، سول سوسائٹی اور ٹائیگر فورس سے عوام میں آگاہی پھیلانے کی اپیل کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کورونا کے پھیلاؤ کوروکنے کا واحد حل اسمارٹ لاک ڈاؤن ہے۔ ہم اسمارٹ لاک ڈاؤن کے بانیوں میں شامل ہیں۔اسمارٹ لاک ڈاؤن میں ایس او پیز کے ساتھ اقتصادی سرگرمیوں کی اجازت ہوتی ہے، غریب ممالک میں لاک ڈاؤن سے غربت میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے، لاک ڈاؤن سے غریب آدمی اسی طرح متاثر ہوگا جیسے مودی کے لاک ڈاؤن سے بھارت میں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کورونا کے خلاف پاکستان کی حکمت عملی کا اعتراف کر رہی ہے۔ ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے احساس پروگرام کے تحت قلیل ترین مدت میں اس قدر کثیر رقم کی تقسیم پر پاکستان کے اقدامات کو سراہا ہے۔ احساس پروگرام پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور ساری ٹیم داد کی مستحق ہے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔