بابر اعظم نے بیٹنگ میں اپنی کامیابی کا راز بتا دیا

ایکسپریس نیوز  منگل 9 جون 2020
 وکٹ پر جتنا زیادہ وکٹ گزرا جائے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے،کپتان
۔ فوٹو: فائل

 وکٹ پر جتنا زیادہ وکٹ گزرا جائے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے،کپتان ۔ فوٹو: فائل

 لاہور:   قومی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بیٹنگ میں اپنی کامیابی کا راز بتا دیا۔

بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وکٹ پر جتنا زیادہ وکٹ گزرا جائے اس سے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، بیٹنگ کے لیے جانے سے پہلے خود کو حالات کے مطابق ڈھالنے کا پلان تیارکرتا ہوں، بولر کوئی بھی ہو میں ہر گیند ہمیشہ میرٹ پرکھیلنے کی کوشش اور اپنی اننگز کو آگے بڑھانے کی پلاننگ کرتا رہتا ہوں۔

سینٹرل پنجاب ٹیم کے ویڈیو سیشن میں ہیڈکوچ اعجاز احمد کے ساتھ بیٹنگ تکنیک پر اظہار خیال کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی، ون ڈے، ٹیسٹ یا فرسٹ کلاس میچ  میں کامیابی اس وقت ملتی ہے جب میدان میں جانے سے پہلے ذہنی طورپر حالات کے مطابق منصوبہ بندی کریں، اسی صورت میں اندر جاکر خود کو منوایا جا سکتا ہے۔

بابر اعظم نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل سطح کا میچ ہو یا میں کلب کرکٹ کھیل رہا ہوں ہمیشہ اپنی  اننگز کو پلان کرتا ہوں کہ کس طرح زیادہ سے زیادہ رنز بنائے جا سکتے ہیں، اگر آپ  5منٹ کی پلاننگ کرلیں تو مشکل  پیش نہیں آتی۔ انھوں نے سینٹرل پنجاب کی قیادت کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔ اس سیشن میں معاون کوچ سمیع اللہ نیازی بھی موجود تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔