یونس خان کو خوش آمدید کہتا ہوں، مصباح الحق

ویب ڈیسک / محمد یوسف انجم  منگل 9 جون 2020
مجھے یقین ہے کہ دورہ انگلینڈ میں بھی انہیں یونس خان کی مکمل سپورٹ حاصل ہوگی، ہیڈکوچ

مجھے یقین ہے کہ دورہ انگلینڈ میں بھی انہیں یونس خان کی مکمل سپورٹ حاصل ہوگی، ہیڈکوچ

 لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ وہ یونس خان کو خوش آمدید کہتے ہیں اور وہ ایک بار پھر ان کے ہمراہ پاکستان کی کرکٹ کے رنگوں میں ڈھلنے کے منتظر ہیں۔

سابق کپتان مصباح الحق نے کہا کہ بطور کرکٹرز ہم دونوں کھلاڑیوں کے کیرئیرز ایک ساتھ ہی جاری رہے، ہم دونوں ایک دوسرے کو بہت اچھی طرح جانتے ہیں اور ہم دونوں نے مل کر پاکستان کرکٹ ٹیم کو کئی ٹیسٹ میچوں میں تاریخی کامیابیاں دلائی ہیں۔

مصباح الحق نے کہا کہ 2010 میں جب انہیں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت سونپی گئی تو اس دوران یونس خان نے ان کی بہت حمایت کی اور انہیں یقین ہے کہ دورہ انگلینڈ میں بھی انہیں یونس خان کی مکمل سپورٹ حاصل ہوگی کیونکہ ان دونوں کا مشترکہ مقصد پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایک مرتبہ پھر کامیابیوں کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔

مصباح الحق نے کہا کہ ایک محنتی بیٹسمین کی حیثیت سے  یونس خان کا ریکارڈ، بطور ایک منظم کھلاڑی ان کی ساکھ اور ایک نمایاں فیلڈر کی حیثیت سے ان کی موجودگی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے صلاحیتیں نکھارنے اور بہترین کرکٹرز بننے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم کا کہنا ہے کہ مشتاق احمد کئی ممالک کے کھلاڑیوں کی تربیت اور مینٹورنگ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشتاق احمد کی موجودگی ہمیں سیریز سے قبل تیاریوں میں بھی مدد کرے گی۔

مصباح الحق نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز بہت مشکل ہوگی، اس دوران بہترین دماغ اور صلاحیتوں کے حامل معروف کرکٹرز کی اسکواڈ کے ہمراہ موجودگی معاون ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اپنے اہداف کے حصول کے لیے ہم یونس خان اور مشتاق احمد دونوں کی موجودگی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔