سندھ حکومت نے جانوروں کیلئے فروخت ہونے والی گندم انسانوں کیلئے خریدلی

ویب ڈیسک  ہفتہ 7 دسمبر 2013
پنجاب اور خیبرپختونخواہ نے گندم جانوروں کے استعمال کے لیے ٹینڈرز کے ذریعے فروخت کی تھی، فلور ملز ایسوسی ایشن

پنجاب اور خیبرپختونخواہ نے گندم جانوروں کے استعمال کے لیے ٹینڈرز کے ذریعے فروخت کی تھی، فلور ملز ایسوسی ایشن

کراچی: سندھ حکومت نے مبینہ طور پر جانوروں کے لئے فروخت ہونے والی گندم کی ایک لاکھ بوری انسانوں کے لئے خرید لی۔

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن ساؤتھ زون کے اعلامیہ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ کراچی کی تقریبا 40 فیصد ملوں کو سرکاری گندم کا اجرا روک دیا گیا اور متعدد ملیں چھاپے مار کر بند کردی گئیں، اس کے علاوہ فلور ملوں کو محکمہ خوراک سندھ سے انسانوں کے لیے ناقابل استعمال تقریبا ایک لاکھ بوری گندم خریدنے کے لیے مجبور کیا جارہا ہے جو پنجاب اور خیبرپختونخواہ کی حکومتوں نے جانوروں کے استعمال کے لیے ٹینڈرز کے ذریعے فروخت کی تھی۔

ایسوسی ایشن کے مطابق وزیر خوراک سے بھی کوشش کے باوجود ملاقات نہیں ہوسکی. ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ پیر تک مسائل حل نہیں ہوئے تو منگل سے فلور ملیں غیر معینہ کی مدت کے لیے بند کردی جائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔