صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات میں مکمل طور پر غیرجانبدار ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

ویب ڈیسک  ہفتہ 7 دسمبر 2013
ڈیڑھ ماہ کےعرصہ میں بلدیاتی انتخابات منعقد کرکے ثابت کردیا کہ ہم جمہوریت پر پورا یقین رکھتے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان    فوٹو: فائل

ڈیڑھ ماہ کےعرصہ میں بلدیاتی انتخابات منعقد کرکے ثابت کردیا کہ ہم جمہوریت پر پورا یقین رکھتے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان فوٹو: فائل

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات میں مکمل طور پر غیرجانبدار ہے۔

کوئٹہ میں قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس ناصرالملک نے وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ملاقات کی جس میں صوبے میں انتخابات کے حوالے سے جاری پولنگ سے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ ماہ کے عرصہ کے دوران بلدیاتی انتخابات منعقد کرکے ثابت کردیا کہ ہم جمہوریت پر پورا یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صوبے میں مخدوش صورتحال کے باوجود بلدیاتی انتخابات کرارہے ہیں، جب کہ دوسرے صوبے پرامن ہونے کے باوجود بلدیاتی انتخابات نہیں کرا پائے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کہیں کہیں شکایات مل رہی ہیں انہیں الیکشن کمیشن کی ہدایت کی روشنی میں دور کیاجائے گا۔

اس موقع پر قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس ناصر الملک کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے امن و امان کی صورتحال کافی بہتر رہی ہے۔ بلوچستان کو سب سے پہلے بلدیاتی انتخابات کرانے کا کریڈٹ جاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔