بھارت میں خواتین کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے، کاجول

ویب ڈیسک  ہفتہ 7 دسمبر 2013
موجودہ دور میں خواتین کے مقابلے مردوں کے لیے زندگی بہت آسان ہے.   فوٹو؛فائل

موجودہ دور میں خواتین کے مقابلے مردوں کے لیے زندگی بہت آسان ہے. فوٹو؛فائل

نئی دلی: بھارتی اداکارہ کاجول کا کہنا ہے کہ ملک میں خواتین کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے خواتین کا آزادی سے جینا دوبھر ہوتا جارہا ہے۔

دہلی میں ایک کتاب کے رونمائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کاجول کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں خواتین کے مقابلے مردوں کے لیے زندگی بہت آسان ہے، مردوں کے لئے اپنے شعبے میں کامیابی حاصل کرنا بہت آسان ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہاں خواتین کے لیے آزادی سے جینا دوبھر ہوتا جا رہا ہے اور اس صورت حال کو دور کرنے کے لیے مردوں کی سوچ کو تبدیل کرنا بہت ضروری ہے۔

کاجول کا کہنا تھا کہ ایک عورت کی زندگی جدوجہد سے تعبیر ہے، جدوجہد سے عہدہ برآ ہو کر کامیابی حاصل کرنا بہت مشکل ہے۔ بظاہر مرد ہر اچھا کام کرنے سے پہلے دیویوں کی عبادت کرتے ہیں لیکن پھر وہی مرد اپنی بیٹیوں اور بیویوں کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہیں۔ انہیں مارتے پیٹتے ہیں، اس لیے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مردوں کی سوچ کو تبدیل کرنا بہت ضروری ہے۔

کاجول نے خواتین کی بدحالی کا ذمہ دار بھارت کے ناقص قانونی نظام کو بھی ٹھہرایا۔ ان کہنا تھا کہ قانون کو بجا طور پر عمل میں لانا بہت ضروری ہے۔ ساتھ ہی یہ دیکھنا بھی ضروری ہے کہ مخصوص علاقے کے پولیس تھانے صحیح طور پر کام کر رہے ہیں یا نہیں۔ ہم اکثر ہی سنتے ہیں کہ پولیس متاثرین خواتین کی ایف آئی آر درج کرنے میں ہی کوتاہی کا مظاہرہ کرتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔