وزیراعظم یوتھ بزنس لون پروگرام کا افتتاح، بیروزگار نوجوان 20 لاکھ تک قرضہ لے سکیں گے

ویب ڈیسک  ہفتہ 7 دسمبر 2013
پروگرام کے لئے اگلے 7 ماہ کے لئے 100 ارب روپے مختص کیئے گئے ہیں اور حکومت جلد پورے ملک میں لیپ ٹاپ دینے کا منصوبہ بھی شروع کرے گی، مریم نواز  فوٹو: پی آئی ڈی

پروگرام کے لئے اگلے 7 ماہ کے لئے 100 ارب روپے مختص کیئے گئے ہیں اور حکومت جلد پورے ملک میں لیپ ٹاپ دینے کا منصوبہ بھی شروع کرے گی، مریم نواز فوٹو: پی آئی ڈی

اسلام آباد: پاکستانی نوجوانوں کے لئے وزیر اعظم بزنس لون پروگرام کا افتتاح کردیا گیا ہے جس کے تحت بیروزگار اور ہنر مند نوجوان 8 سال کے عرصے کے لئے ایک سے 20 لاکھ روپے تک کا قرضہ لے سکیں گے۔

اسلام آباد میں یوتھ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروگرام کی چیئرپرسن اور وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ بزنس لون پروگرام سے نوجوانوں کا اپنا مستقبل سنوارنے کا موقع ملے گا اور وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہا نواز شریف نے انتخابی وعدوں پر عملدرآمد شروع کردیا اور یہ پروگرام خوشحال پاکستان کی جانب ایک قدم ہے، پروگرام کے لئے اگلے 7 ماہ کے لئے 100 ارب روپے مختص کیئے گئے ہیں اور حکومت جلد پورے ملک میں لیپ ٹاپ دینے کا منصوبہ بھی شروع کرے گی۔

مریم نواز نے بزنس لون پروگرام کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ پروگرام سے استفادہ کرنے کے لئے شرائط بہت آسان رکھی گئی ہیں، نمبر ایک کہ آپ پاکستانی ہوں، نمبر دو آپ کے پاس درست شناختی کارڈ ہو اور نمبر تین کہ آپ کے ساتھ ایک گارنٹر ہو جو آپ کی ضمانت دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ پراگرام کے لئے درخواست فارم 9 دسمبر سے نیشنل بینک، فرسٹ ویمن بینک اور سمیڈا کی ملک بھر کی تقریباً 1400 برانچز میں مفت دستیاب ہوں گے جبکہ فارم پراگرام کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کئے جاسکیں گے، درخواست جمع کراتے وقت آپ کو مطلوبہ دستاویزات کے علاوہ اپنے کاروبار کا ’’بزنس پلان‘‘ پیش کرنا ہوگا جس کے بنیاد پر آپ کو قرضہ جاری کیا جائے گا، اس کے لئے بھی نوجوانوں کی آسانی کے لئے سہولت رکھی گئی ہے اور وزیر اعظم کی پروگرام کے حوالے سے بنائی گئی ویب سائٹ پر 55 بزنس پلانس ڈال دیئے گئے ہیں جن میں تمام تفصیلات شامل ہیں جبکہ درخواست فارم فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہوگی۔

یوتھ پروگرام کی چیئرپرسن کا کہنا تھا کہ ان 55 بزنس پلانس کے علاوہ بھی اگر کوئی نوجوان اپنا بزنس پلان بنانا چاہتا ہو تو اس کے لئے بھی مختلف ڈیزائنز اور ٹیمپلیٹس ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درخواست فارم جمع کرانے کے بعد اس کی مختلف مراحل میں جانچ پڑتال ہوگی اور 15 دن کے اندر اس کے قابل قبول ہونے یا مسترد ہونے سے متعلق درخواست گزار کو آگاہ کردیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قرضہ حاصل کرنے کے بعد پہلا سال گریس پیریڈ ہوگا تاکہ نوجوان محنت کرکے اپنے کاروبار کو مستحکم کرسکیں جبکہ دوسرے سال سے ماہانہ اقساط کی صوت میں 8 فیصد مارک اپ کے ساتھ قرضے کے لوٹانے کا عمل شروع ہوگا اور اس طرح 8 سالوں میں تمام قرضہ باآسانی لوٹایا جائے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ لون پروگرام کی مختلف مراحل میں نگرانی کا بھی کڑا عمل رکھا گیا ہے اور حکومتی اور بینکوں کی ٹیمیں اس کے لئے مامور کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام چاروں صوبوں، فاٹا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے تمام لوگوں کے لئے یکساں طور پر شروع کیا گیا ہے اور اس میں کسی قسم کی تفریق نہیں رکھی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔