دورہ انگلینڈ؛ کیریبیئن کرکٹرزکا قرنطینہ بھی دلچسپ بن گیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 12 جون 2020
ٹیبل فٹبال کے ساتھ بڑی پول ٹیبل موجود، کھلاڑیوں کا پھر کورونا ٹیسٹ۔ فوٹو: فائل

ٹیبل فٹبال کے ساتھ بڑی پول ٹیبل موجود، کھلاڑیوں کا پھر کورونا ٹیسٹ۔ فوٹو: فائل

مانچسٹر: انگلینڈ نے کیریبیئن کرکٹرز کے قرنطینہ کو بھی دلچسپ بنا دیا، ہوٹل میں تفریح کی غرض سے ’ٹیم روم قائم ہوگیا۔

انگلینڈ نے ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کو قرنطینہ کے دوران بھی دلچسپی کا بھرپور سامان مہیا کردیا ہے،کھلاڑی پریکٹس شروع کرنے سے قبل 14 روز تک تنہائی میں رہیں گے، ہوٹل کے ایک مخصوص حصے کو مہمان ٹیم اور  اسٹاف کیلیے مختص کر دیا گیا،انھیں بوریت سے بچانے کیلیے ایک خصوصی ٹیم روم بھی تیار کیا گیا ہے، جس میں ٹیبل ٹینس اسٹیشنز، پرانے اسٹائل کے آرکیڈ کمپیوٹر گیم، ایک گالف سمولیٹر، ٹیبل فٹبال اور ایک بہت بڑی پول ٹیبل بھی موجود ہے جس میں بالز کی جگہ فٹبال استعمال کیے جاتے ہیں۔

کھلاڑیوں کو قرنطینہ کے دوران ہوٹل سے باہر جانے کی اجازت نہیں جبکہ ٹریننگ گراؤنڈ تک جانے کیلیے بھی پہلے میزبان میڈیکل اسٹاف سے پوچھنا ہوگا۔ کیریبیئن اسکواڈ اور سپورٹنگ اسٹاف کا آمد سے قبل کورونا وائرس ٹیسٹ لیا گیا تھا جبکہ انگلینڈ میں پھر سے ان کا ٹیسٹ لیا گیا،تمام کو ہدایت کی گئی کہ جب تک نتیجہ نہیں آتا وہ فی الحال اپنے کمروں تک ہی محدود رہیں،اگر کسی کا ٹیسٹ مثبت آیا تو اسے دیگر سے الگ آئسولیشن اختیار کرنا پڑے گی۔

اپنے کمرے سے ’زوم کال‘ کے ذریعے میڈیا سے بات چیت میں ویسٹ انڈین کپتان ہولڈر نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں بھی ہمیں زیادہ باہر  جانے کی اجازت نہیں ہوتی، ہوٹل تک ہی محدود رہتے میں انگلینڈ کے اس ٹور کو بھیویسا ہی سمجھ رہا ہوں مگر یہاں ہمیں کافی سہولیات دستیاب اور ہم بھی انکا بھرپور استعمال کرینگے۔

واضح رہے کہ 14 روز کا قرنطینہ مکمل ہونے کے بعد ویسٹ ا نڈین کرکٹرز 2 انٹر اسکواڈ پریکٹس میچز کھیلیں گے، اس کے بعد ایک سہ روزہ میچ ہوگا، 2 روم آرام کے بعد آپس میں 4 روزہ میچ کھیلا جائیگا جس کے بعد ٹیم پہلے ٹیسٹ کیلیے ساؤتھمپٹن جائیگی، وہاں اسے اسٹیڈیم سے متصل ہوٹل میں انگلش سائیڈکے ہمراہ قیام کرنا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔