لاہور میں دہشتگردی… فرقہ واریت کو ہوا دینے کی سازش

ایڈیٹوریل  اتوار 8 دسمبر 2013
لاہور میں دہشت گردی کی ایک واردات میں جماعت اہل سنت والجماعت پنجاب کے صدر مولانا حافظ شمس الرحمن معاویہ کوقتل کر دیا گیا۔ فوٹو : ایکسپریس/فائل

لاہور میں دہشت گردی کی ایک واردات میں جماعت اہل سنت والجماعت پنجاب کے صدر مولانا حافظ شمس الرحمن معاویہ کوقتل کر دیا گیا۔ فوٹو : ایکسپریس/فائل

لاہور میں دہشت گردی کی ایک واردات میں جماعت اہل سنت والجماعت پنجاب کے صدر مولانا حافظ شمس الرحمن معاویہ کوقتل کر دیا گیا۔ نامعلوم قاتل موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ کسی تنظیم نے ان کے قتل کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔ یہ قتل واضح طور پر ٹارگٹ کلنگ ہے۔ اس کے مقاصد بھی کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں۔پاکستان کی مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے قائدین اور کارکنوں نے اس قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملک میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کی سازش ہے۔ یہ استدلال بالکل درست ہے۔بلاشبہ وطن دشمن قوتیں ملک میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکانا چاہتی ہیں، مولانا شمس الرحمن کا قتل بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ گزشتہ دنوں کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی ایسی ہی وارداتیں ہوئی تھیں جن کا مقصد بھی فرقہ واریت کو ہوا دینا تھا تاہم پنجاب میں خاصے عرصے کے بعد اس قسم کی واردات ہوئی ہے۔ پنجاب حکومت کو مستقبل میں اس قسم کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے پہلے سے بھی زیادہ مستعدی اور تدبر سے کام کرنا ہو گا۔

کچھ عرصہ قبل سانحہ راولپنڈی رونما ہوا تھا، اس سانحے کے بعد علماء کرام اور میڈیا نے انتہائی ذمے داری کا مظاہرہ کیا تھا جس کی وجہ سے حالات قابو میں رہے۔ اب بھی معاشرے اور علماء کرام کا فرض ہے کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کر کے وطن دشمن قوتوں کے عزائم خاک میں ملا دیں۔دوسری طرف سرکاری اداروں خصوصاً خفیہ اداروں کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانی چاہیے۔ ٹارگٹ کلر اور دہشت گرد پاکستان کے شہروں میں عوام کے درمیان ہی سرگرم عمل ہیں۔اس وقت ملک بھر میں ان کے گرد گھیرا تنگ ہورہا ہے۔کوئٹہ میں اب حالات قدرے بہتر ہیں۔ کراچی میں دہشت گردوں،ٹارگٹ کلرز اورمافیاز کے خلاف آپریشن ہورہا ہے۔خیبر پختونخوا اور فاٹا سے بھی دہشت گرد ملک کے دیگر علاقوں میں آرہے ہیں۔ ایسے حالات میں چاروں صوبوں کی حکومتوں کو غیرمعمولی اقدامات کرکے جرائم پیشہ اور دہشت گرد عناصر کی بیخ کنی کرنی ہوگی۔ دہشت گرد اور ٹارگٹ کلر عرصے سے ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔ غیرملکی قوتیں ان کی معاون ہوسکتی ہیں۔ ان تمام سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے قوم کو متحد ہوکر کام کرنا چاہیے، خصوصاً علماء کرام عوام کی درست سمت میں رہنمائی کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔