فائرنگ سے جاں بحق 2سگے بھائیوں سمیت 3 افرادسپردخاک

اسٹاف رپورٹر  اتوار 8 دسمبر 2013
 فائرنگ سے ہلاک 2سگے بھائی وانکے کزن کی نماز جنازہ گلشن اقبال بلاک 3کی مسجد میں اداکی جارہی ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

فائرنگ سے ہلاک 2سگے بھائی وانکے کزن کی نماز جنازہ گلشن اقبال بلاک 3کی مسجد میں اداکی جارہی ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی: گلشن  اقبال  میں گھات لگا کر قتل کیے جانے والے ایک ہی خاندان کے 2 سگے بھائیوں سمیت 3 افراد کو سپرد خاک کردیا گیا ۔

ایک ہی گھر سے 3 میتیں  اٹھنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا،دوسری جانب گلشن پولیس نے جائے وقوع سے ملنے والی گولیوں کے خولوں کو  تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیا ، پولیس نے دعویٰ کیا ہے واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد بے نقاب کر دیں گے ، تفصیلات کے مطابق جمعہ کو گلشن اقبال تھانے کی حدود بلاک7میں واقع الجنت ریسٹورنٹ پر گھات لگا کر قتل کیے جانے والے ایک ہی خاندان کے 2 سگے بھائیوں طالب احمد ولد عبدالوحید ، کاشف احمد ولد عبدالوحید اور ان کے کزن سعید ولد رشید کی نماز جنازہ گزشتہ روز گلشن اقبال بلاک 3 کے ڈی اے مارکیٹ کے قریب واقع جامعہ مسجد صدیق اکبر میں بعد نماز ظہر ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں مقتول کے اہلخانہ ، عزیز واقارب ، دو ست احباب  کے علاوہ علاقہ مکین ، اور اہلسنت و الجماعت کے رہنماؤں و کارکنان تعداد میں شریک ہوئے اس قبل جب گلشن بلا ک 3 مکان نمبرA-177 سے ایک ہی خاندان کی3 میتیں اٹھیں تو علاقے میں کہرام مچ گیا، بعدازاں مقتولین کی میتیں یاسین آبادکے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ، مقتولین  کی مسکن چورنگی کے قریب  واقع مٹھائی کی  مشہور دکان  تحفہ  شیریں  تھی  اور  مقتولین  میٹروول تھرڈ اسکاٹ کالونی میں رہائش پذیر تھے۔

تاہم 4 ماہ قبل مقتولین گلشن اقبال بلاک3 میں رہائش اختیار کر لی تھی طالب احمد ایک بچے کا باپ جبکہ کاشف 2 بچوں کا باپ تھا جاں بحق  ہونے والا سعید ولد رشید طالب اور کاشف کا کزن تھا اور حال ہی میں ملتان سے کراچی آیا تھا اور اس ہی وجہ سے طالب اور کاشف دکان بند کرنے کے بعد کھانا کھانے الجنت ریسٹورنٹ گئے تھے جہاں موٹر سائیکل پر سوار2 ملزمان نے انھیں فائرنگ کر کے قتل کردیا اور فرار ہو گئے ۔

دوسری جانب  گلشن اقبال پولیس نے جائے وقوع سے ملنے والی9 ایم ایم پستول کے11 گولیوں کے خولوں کو تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوادیا گیا ہے انھوں نے بتایا کہ جس ریسٹورنٹ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا وہاں صرف ایک کلوز سرکٹ کیمرا لگا تھا جس کا رخ کیش کاؤنٹر کی جانب تھا جبکہ واردات اس کے مخالف سمت پر ہوئی تاہم کلوز سرکٹ کیمروں سے بھی پولیس کو تفتیش میں کوئی مدد نہیں ملی ، اس کے باوجود گلشن پولیس نے دعویٰ کیا ہے واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر کے بے نقاب کردیا جائے گا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔