جونسن آسٹریلوی تاریخ کے 10 کامیاب بولرز میں شامل

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 8 دسمبر 2013
مچل جونسن کی وکٹوں کی تعداد اب 221 ہوگئی ہے ۔فوٹو: اے ایف پی/فائل

مچل جونسن کی وکٹوں کی تعداد اب 221 ہوگئی ہے ۔فوٹو: اے ایف پی/فائل

ایڈیلیڈ: مچل جونسن آسٹریلوی کرکٹ تاریخ کے ٹاپ 10 کامیاب بولرز میں شامل ہوگئے، ایک بار پھر انگلینڈ کو ڈھانے کے بعد ان کی ٹیسٹ وکٹوں کی تعداد 221 ہوگئی۔

نویں مرتبہ پانچ یا اس سے زائد وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا، ان کا کہنا ہے کہ یہ پرفارمنس میرے لیے بہت خاص ہے، دوسری جانب انگلش بیٹسمین ای ین بیل کہتے ہیں کہ ہمیں اپنی خامیوں پر فوری قابوپانا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق مچل جونسن نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 7 وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا ہے، انھوں نے نویں مرتبہ ایک اننگز میں پانچ یا اس سے زائد وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا جبکہ انگلینڈ کے خلاف مسلسل دوسرے ٹیسٹ میں انھیں یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔

اس کے ساتھ ہی جونسن آسٹریلوی ٹیسٹ تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز میں دسویں نمبر پر آگئے ہیں، ان کی وکٹوں کی تعداد اب 221 ہوگئی ہے، اس فہرست میں 708 وکٹوں کے ساتھ شین وارن پہلے ، 563 وکٹیں لے کر گلن میک گرا دوسرے اور ڈینس للی 355 وکٹوں کے ہمراہ تیسرے نمبر پر ہیں۔ جونسن بھی اپنی اس پرفارمنس پر بہت خوش ہیں، ان کا کہنا ہے کہ میں برسبین کے بعد اب یہاں پر بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہا جس سے مجھے بہت خوشی ہوئی ہے، اس سے پہلے باتیں ہوتی تھیں کہ میں ایک ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی پیش کرتا ہوں تو دوسرے میں ویسی پرفارمنس برقرار نہیں رکھ پاتا اس لیے مسلسل پرفارم کرنے کی وجہ سے مجھے خوشی زیادہ اور یہ موقع میرے لیے بہت ہی خاص ہے۔ دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم 172 رنز پر آئوٹ ہوکر دبائو کا شکار ہوگئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔