ویمنز فٹبال، رائزنگ اسٹار اور بلوچستان فائنل میں مقابل

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 8 دسمبر 2013
دوسرے میچ میں پاکستان آرمی اور بلوچستان یونائیٹڈ میں کانٹے دار مقابلہ ہوا، میچ کا فیصلہ اضافی وقت میں  ہوا۔  فوٹو: فائل

دوسرے میچ میں پاکستان آرمی اور بلوچستان یونائیٹڈ میں کانٹے دار مقابلہ ہوا، میچ کا فیصلہ اضافی وقت میں ہوا۔ فوٹو: فائل

لاہور: دفاعی چیمپئن رائزنگ اسٹار اور بلوچستان کی ٹیموں نے نویں ویمنز  فٹبال چیمپئن شپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

پی ایف ایف کے زیر اہتمام پنجاب اسٹیڈیم میں جاری ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں رائزنگ اسٹار کی ٹیم نے اسلام آباد کلب کو3-0 سے ہرایا۔ دفاعی چیمپئن نے بہترکھیل پیش کرتے ہوئے ابتدا ہی میں سبقت حاصل کر لی، کھیل کے دوسرے ہی منٹ میں  زارا اقبال نے پہلا گول کرکے اسلام آباد کلب کو نفسیاتی دبائو کا شکار کردیا، حریف ٹیم  نے گول برابر کرنے کیلیے حملے جاری رکھے لیکن  اسے کامیابی حاصل نہ ہوسکی، دوسرے ہاف میں نادیہ بھٹی نے 41 ویں اور عائزہ وحید نے49 ویں منٹ میں  گول کرتے ہوئے رائزنگ اسٹار کی فتح کو یقینی بنا دیا، اسلام آباد  ٹیم کوئی بھی گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی، میچ کے مہمان خصوصی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدراختر رسول چوہدری تھے گذشتہ روز کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان آرمی اور بلوچستان یونائیٹڈ میں کانٹے دار مقابلہ ہوا، میچ کا فیصلہ اضافی وقت میں  ہوا۔

آرمی نے ابتدا ہی سے بلوچستان کی ٹیم  پر  تابڑ توڑحملے شروع کیے جن کے نتیجے میں کپتان روشان علی نے 16ویں منٹ میں پہلا گول کرتے ہوئے ٹیم کو سبقت دلا دی، پہلے ہاف کے اختتام سے قبل ہی  ارم کاظمی نے 26 ویں منٹ میں دوسرا گول کرتے ہوئے آرمی کو 2-0 کی برتری دلادی۔ بلوچستان  نے مسلسل کوششیں جاری رکھیں اور وقفہ سے 3 منٹ قبل ہی نینا نے  پہلا گول کرتے ہوئے ٹیم کا حوصلہ بڑھادیا، دوسرے ہاف ختم ہونے سے 20  سیکنڈ قبل بلو چستان کی جانب سے شمائلہ بلوچ نے دوسرا گول کرتے ہوئے میچ برابر کردیا۔

میچ کا فیصلہ اضافی وقت میں ہوا جس میں نینا نے انفرادی طور پر دوسرا  اور بلوچستان کی جانب سے  تیسراگول کرتے  ہوئے ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔ دوسرے سیمی فائنل کی مہمان خصوصی رکن  وزیر اعلی پنجاب کی مشیر بیگم ذکیہ شاہنواز تھیں۔ انھوں نے خواتین  کی کارکردگی کو سراہا اور ٹورنامنٹ میں شریک کھلاڑیوں کی درخواست پر پنجاب حکومت کی جانب سے نمایاں کھیل  پر لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کیا۔ ٹورنامنٹ میں اتوار کو آرام کا دن ہے، ٹائٹل کیلیے فیصلہ کن معرکہ  بلوچستان اور دفاعی چیمپئن رائزنگ اسٹار کے درمیان پیر کو دوپہر ایک بجے ہوگا۔مہمان خصوصی پی ایف ایف کے صدر  مخدوم فیصل صالح حیات ہونگے، تیسری پوزیشن کیلیے میچ  اسلام آباد کلب اور آرمی  کے مابین صبح  11  بجے کھیلا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔