7غیرقانونی واٹرہائیڈرنٹس کا خاتمہ، 11کنکشن منقطع، مقدمات درج

اسٹاف رپورٹر  منگل 16 جون 2020
خیرآباد، زیبو گوٹھ سمیت دیگرعلاقوں میں پانی چوروں کیخلاف کارروائی کی گئی۔ فوٹو: فائل

خیرآباد، زیبو گوٹھ سمیت دیگرعلاقوں میں پانی چوروں کیخلاف کارروائی کی گئی۔ فوٹو: فائل

کراچی: وزیربلدیات و چیئرمین واٹربورڈ سیدناصر حسین شاہ کی ہدایات پر واٹربورڈ نے پانی چوروں کے گرد شکنجہ مزید سخت کردیا ہے،ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان کی نگرانی میں پانی چوروں کیخلاف ہونے والے واٹربورڈ اور پولیس کے مشترکہ گرینڈ آپریشن میں 7غیرقانونی ہائیڈرنٹس کا خاتمہ کردیا گیا،11کنکشن منقطع کرکے 8ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرادیے گئے ہیں۔

ترجمان واٹربورڈکے مطابق  واٹربورڈ اور پولیس نے منگھوپیر تھانہ کی حدود اور نادرن بائی پاس کے قریب واقع یاروگوٹھ ،خیرآباد ،اور زیبو گوٹھ سمیت دیگرملحقہ علاقوں میں پانی چوروں اور غیرقانونی ہائیڈرنٹس کیخلاف بھرپورآپریشن کیا ،واٹربورڈ کے ڈسکنکشن اسکوارڈ میں ایگزیکٹوانجینئر عبدالرحیم پلیجو ، فوکل پرسن ریحان اقبال ،سب انجینئر نعمان احمد خان اور محمد قیصر شامل تھے جبکہ منگھوپیر تھانہ کے ایس ایچ اوگل اعوان پولیس نفری کے ساتھ موجود تھے۔

واٹربورڈ کے عملے نے دوران آپریشن ان علاقوں سے گزرنے والی واٹربورڈ کی 48انچ قطر کی لائن سے مختلف گھوٹھوں کیلیے لیے گئے کنکشن سے منسلک مختلف قطر کے 11غیرقانونی کنکشن منقطع کردیے جبکہ اس دوران ان غیرقانونی کنکشن کے ذریعے چوری شدہ پانی آرسی سی ٹنکیوں میں جمع کرکے ٹینکروں میں بھر کر فروخت کرنے والے 7 ہائیڈرنٹس کو مسمار کردیاگیاہے۔

واضح رہے کہ 48انچ کی اس لائن سے بلدیہ ،اورنگی اور ملحقہ علاقوں کو پانی فراہم کیا جاتا ہے۔

ایک اندازہ کے مطابق ان غیرقانونی ہائیڈرنٹس اور کنکشنز کے ذریعے ملزمان یومیہ لاکھوں گیلن پانی چوری کرتے تھے،واٹربورڈ نے پانی چوری کرنے والے 8ملزمان صمد ولدفقیرہ،ثناء اللہ،اللہ خان ، آمین ،ذکریہ ،عزیز ،منور اور عبدالرحیم کیخلاف منگھوپیر تھانہ میں مقدمہ درج کرادیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔